سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے اپنے نومولود بچے کا نام رکھ دیا۔ جس کا اعلان انہوں نے سوشل میڈیا سایٹ انسٹاگرام پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ کے ذریعے کیا۔
تفصیلات کے مطابق بختاور بھٹو زرداری اور ان کے شوہر محمود چوہدری نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے اپنے بیٹے کے نام کا اعلان کیا۔
بختاور بھٹو زرداری نے انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کا نام 'میر حاکم' رکھا ہے۔ پوسٹ کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ میرے بیٹے کا نام مرحوم ماموں کی نسبت سے میر اور میرے دادا کی نسبت سے حاکم رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب بختاور بھٹو کے شوہر محمود چوہدری نے بھی بیٹے کے نام کا اعلان انسٹاگرام پر انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے کیا۔
اس کے علاوہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ماموں بننے کی خوشخبری سب سے پہلے سوشل میڈیا کے ذریعے سنائی تھی۔
واضح رہے کہ بختاور بھٹو زرداری کے ہاں بیٹے کی پیدائش رواں ماہ 10 اکتوبر کو ہوئی تھی۔