کراچی میں چوری ڈکیتی اور لوٹ مار کے جرائم میں کسی صورت روک تھام نہیں آرہی ہے۔ کراچی کے شہریوں کو دن دہاڑے لوٹ لیا جاتا ہے اور ایسے میں پولیس ان ڈاکوؤں کو پکڑنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔
نوسر باز ، لوٹ مار کرنے والے اب مختلف طریقوں سے کراچی کے شہریوں کی زندگی مشکل بنا رہے ہیں۔ ایک ایسا نوسر باز سامنے آیا ہے جس نے ایک خاتون کیشئیر کو ہپناٹائز کر کے رقم لوٹ کر فرار ہوا لیکن اسے شہریوں نے گرفتار کروا دیا۔
تفصیلات کے مطابق نیو کراچی کے ایک نجی بینک کی مسلم ٹاؤن برانچ میں خاتون کیشیئر سے رقم لے کر فرار ہونے والا ولید نامی نوسر باز کو گرفتار کر لیا گیا، نوسرباز رقم لوٹ کر فرار ہو رہا تھا کہ شہریوں کے تعاقب کے بعد ایک برساتی نالے میں جا گرا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق ولید نامی نوسر باز کا لوگوں نے پیچھا کیا،اور جب وہ نالے میں گرا تو لوگوں نے پکڑ لیا، یہ واقعہ نیو کراچی تھانے کی حدود میں 17 نومبر کو پیش آیا تھا، پکڑے گئے نوسرباز کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ملزم سے 1 لاکھ 40 ہزار روپے برآمد ہوئے ہیں، اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملزم نے بینک کے کیش کاؤنٹر پر 50 کے نوٹوں کی ایک گڈی کے بدلے 5 ہزار کا نوٹ مانگا تھا، اس دوران جب کیشیئر نے پانچ ہزار کے نوٹ کے لیے گڈی اٹھائی، تو ملزم نے انھیں ہپناٹائز کر دیا۔