منڈی بہاؤالدین کی مقامی عدالت نے عدالت کے احکامات نہ ماننے پر ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کو جیل بھیجنے کا حکم دے دیا ہے، جبکہ توہین عدالت کے مرتکب ان سرکاری افسران کو تین تین ماہ کی قید بھی سنائی ہے۔
دراصل معاملہ کچھ یوں ہے کہ محکمہ انہار کے ایک کلرک محمد عاصم کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سرکاری کالونی میں جو کوارٹر ان کے نام تھا وہ کسی اور کو دے دیا گیا ہے۔
محمد عاصم کی جانب سے اس عمل کو غیر قانونی قرار دینے کی اور تحفظ فراہم کرنے کی استدعا کی گئی۔
عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اے سی آفس کے ایک اہلکار کی جانب سے عدالت میں ناروا سلوک اپنایا گیا، جس پر عدالت کی جانب سے مزید کاروائی کا عندیہ دیا گیا۔ لیکن اسی دوران ڈی سی کی جانب سے فون پر عدالت کو معاملہ ختم کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔
دوسری جانب اے سی کی جانب سے بھی عدالت کے سوالات کا جواب تلخ لہجے میں دیا گیا، جس پر جج نے ڈی سی کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔
ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا اور اسسٹنٹ کمشنر امتیاز بیگ کو تین تین ماہ قید کی سزا کا حکم سناتے ہوئے انہیں گجرات جیل بھیج دیا گیا۔