ہر نئے دن کے ساتھ یہ امید کی جاتی ہے کہ دن اچھا گزرے، بالکل اسی طرح کسی بھی ہفتے کی شروعات پر ہم اکثر یہ کہہ دیتے ہیں کہ اچھا گزرے، کوئی جانی و مالی نقصان نہ ہو۔ یہ اکثر لوگوں کے منہ سے نکل ہی جاتا ہے، ظاہر ہے وقت کا بھروسہ نہیں، کب کس پر کتنا اچھا یا کتنا بُرا وقت پڑ جائے یہ تو کوئی نہیں جانتا۔ بالکل اسی طرح پچھلا ہفتہ گزرا ہے۔ جس میں اچھی خبروں سے زیادہ بری خبریں سماعت کے پردوں سے گزری ہیں۔ آج ہم آپ کو ہماری ویب کے اس فیچرڈ آرٹیکل میں بتانے جا رہے ہیں پچھلے ہفتے ہونے والے وائرل واقعات:
٭ پشاور حادثہ:
پشاور کی مسجد میں ہونے والا حادثہ ناقابلِ بیاں ہے۔ جہاں اب تک جاں بحق ہونےوالوں کی تعداد 62 ہوچکی ہے۔ نہ جانے کتنے زخمی ہسپتالوں میں زیر ِعلاج ہیں۔ کتنے ہی زندگی و موت کی جنگ میں مبتلا ہیں ۔ اس سانحے سے پوری قوم شرمسار ہوگئی۔ ہم شرمندہ ہیں ان ماؤں سے جن کے بیٹے نماز پڑھنے مسجد میں گئے لیکن لوٹ کر صرف ان کی میت آئی۔ اس واقعے کے ملزمان کی شناخت تو کرلی گئی البتہ گرفتاریاں عمل میں نہ آسکیں۔
٭ شین وارن:
دنیائے کرکٹ کا بڑا نام آسٹریلیا کے ماہر کرکٹر شین وارن کا اچانک انتقال ہوگیا، یہ بھی اسی دن ہو اجس دن پشاور حادثہ ہوا۔ اچانک شین وارن کے انتقال کی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ آج چار دن گزرنے کے بعد بھی لوگ ان کی کرکٹ اور باؤلنگ کو بھلا نہیں پا رہے ہیں۔
٭ بسمہ معروف کی بیٹی:
پاک بھارت وومن کرکٹ ٹیم کا میچ 107 رنز سے بھارت نے جیتا ، وہیں پاکستانی کرکٹر بسمہ معروف کی بیٹی کے ساتھ کھیل کر شائقین کے دل بھی جیت لیے۔ ان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔ سب ہی بسمہ کی اپنی بیٹی کے ساتھ تصاویر کی تعریف کر رہے ہیں کیونکہ یہ پہلا موقع ہے جبکہ کوئی ماں اپنی بیٹی کو یوں کرکٹ کے گراؤنڈ میں لے کر آئی ہو۔
٭ گائے میں ہونے والا وائرس:
گذشتہ ہفتے مویشیوں میں ہونے والے وائرس کا بھی خوب چرچہ رہا۔ جانوروں میں پھیلی لمبپی اسکن ڈیزیز نے جہاں بے زبان جانوروں کو تکلیف میں مبتلا کر رکھا ہے وہیں عوام بھی سخت پریشانی میں ہیں جس کی وجہ یہ ہے کہ اس بیماری میں مبتلا گائے کا دودھ پینا انسانی صحت کے لئے بھی خطرناک ہے۔ دوسری طرف کچھ لوگ اپنے پالتو جانور کو تکلیف میں نہیں دیکھ پاتے اور کچھ جو مویشی پالنے کے پیشے سے منسلک ہیں وہ اپنا کاروبار ٹھپ ہوتا دیکھ کر فکرمند ہیں۔ یہ بیماری کیپری فاکس نامی وائرس سے پھیلتی ہے۔ اس بیماری کی علامات میں جسم پر آبلے نما دانے اور تیز بخار شامل ہیں۔ یہ وائرس پہلی بار 2012 میں جنوبی افریقا میں رپورٹ ہوا تھا جو جانوروں کی خرید و فروخت کی وجہ سے مختلف ممالک میں جاپہنچا ہے۔
٭ 3 بہنوں کا ایک ہی دولہا:
افریقہ کے کانگو 32 سالہ دولہا نے تین جڑواں بہنوں سے ایک ساتھ ایک ہی وقت میں شادی کی۔ لوریز کہتے ہیں کہ پہلے انھیں نٹالی خوبصورت لگی لیکن پھر تینوں ایک جیسی تھیں اس لئے تینوں پسند آگئیں اور ان تین بہنوں کو بھی وہ شوہر کے روپ میں پسند آگئے اس لئے انھوں نے شادی کرلی۔