پیسہ آج کے دور کی سب سے بڑی ضرورت ہے یہی وجہ ہے کہ لاکھوں کروڑوں کمانے والے اداکار اور اداکارائیں بھی صرف اداکاری پر انحصار نہیں کرتے بلکہ اس کے علاوہ ایسے کاروبار بھی کرتے ہیں جو کبھی انھیں مالی تنگی نہیں ہونے دیتے۔ عقل کا تقاضہ بھی یہی ہے۔ تو چلیے جانتے ہیں کون سے اداکار کیا بزنس کرتے ہیں۔
کترینہ کیف
بھارت کی خوبرو اداکارہ کترینہ کیف اداکاری یا ماڈلنگ میں کسی تعارف کی محتاج نہیں مگر یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ کترینہ ایک معروف میک برانڈ "کے کے بائے کترینہ کیف" کی مالک ہیں۔ ان کے برانڈ کی مصنوعات میں کچھ بہت حیرت انگیز بھی ہیں۔
نعمان اعجاز
پاکستان کے ورسٹائل اور مشہور اداکار نعلان اعجاز کافی عرصے سے کینیڈا میں مقیم ہیں۔ نعمان اعجاز نے کینیڈا میں ایک پاکستانی ہوٹل "لاراچی بائے نعمان اعجاز" کھول رکھا ہے۔ اس کام میں ان کی اہلیہ نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
فیصل قریشی
فیصل قریشی نے اپنی زندگی کا زیادہ تر وقت اداکاری کو ہی دیا ہے البتہ اب انھوں نے اپنا پروڈکشن ہاؤس "کنیکٹ اسٹوڈیوز" کے نام سے شروع کیا ہے جس کے پہلے ڈرامے بابا جانی میں انھوں نے خود بھی اداکاری کی۔ فیصل اپنے پروڈکشن ہاؤس کے حوالے سے کافی پرجوش ہیں۔
صحیفہ جبار
صحیفہ جبار کو ابھی شوبز میں آئے زیادہ وقت نہیں گزرا لیکن انھوں نے بھی اپنا کاروبار شروع کردیا ہے۔ صحیفہ "ایوروانا" کے نام سے کلوتھنگ برانڈ لانچ کرچکی ہیں جس کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ وہ ان کے دل سے بہت قریب ہے۔
سناکشی سنہا
سناکشی سنہا دبنگ اداکارہ تو ہیں ہی لیکن ان کا بزنس بھی کچھ کم انفرادیت لیے ہوئے نہیں۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ بہت جلد وہ "سویزی" کے نام سے آن لائن ناخنوں کا کاروبار شروع کرنے جارہی ہیں۔
حرا مانی
حرا مانی نے بھی اپنا ایک بزنس شروع کردیا ہے۔ حرا نے جے ڈاٹ کے ساتھ اپنا پرفیوم "فینٹسی بائے حرا مانی" شروع کیا ہے۔