حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا نیا طریقہ کار متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے جس کے تحت ایندھن کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ نظام کے تحت آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا مرکزی اختیار حاصل ہوگا، جبکہ قیمتوں کے حتمی تعین میں حکومت کا کردار نمایاں طور پر محدود ہو جائے گا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق نئے طریقہ کار کے تحت اوگرا ہر رات پیٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل، لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کے تیل کی نئی قیمتوں کا تعین کرے گا جو روزانہ رات 12 بجے سے نافذ العمل ہوں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مجوزہ نظام کا مقصد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں آنے والی روزانہ کی تبدیلیوں کو مقامی مارکیٹ میں بروقت منتقل کرنا اور قیمتوں کے تعین کے عمل کو زیادہ شفاف اور مؤثر بنانا ہے۔تاہم اس حوالے سے حتمی منظوری اور نئے نظام کے نفاذ کے لیے حکومت کی جانب سے باضابطہ فیصلہ کیا جانا ابھی باقی ہے۔