پاکستان، امریکا میں انسدادِ دہشت گردی اور سائبر سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

image

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکا کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان انسدادِ دہشت گردی، سائبر کرائم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے بعد ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور خطے میں مشترکہ سیکیورٹی مفادات کے تحفظ کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ملاقات کے دوران انسدادِ دہشت گردی، دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام، سائبر تحقیقات، خصوصی تربیت، جدید وسائل کی فراہمی اور دونوں ممالک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطوں کے فروغ سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

کاش پٹیل کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ شراکت داری امریکا کے لیے اہم ہے اور دونوں ممالک مستقبل میں انسدادِ دہشت گردی اور سیکیورٹی کے شعبوں میں مزید مؤثر اور نتیجہ خیز تعاون کے لیے پُرعزم ہیں۔

مبصرین کے مطابق یہ ملاقات پاکستان اور امریکا کے درمیان سیکیورٹی اور انسدادِ دہشت گردی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US