بارش کی وجہ سے سسرال ڈے کینسل ہونے کے امکانات.. کیا آپ بھی عید کا دوسرا، تیسرا دن سسرال میں گزارتے ہیں؟

image

بارش نے عید کا لطف تو دوبالا کیا ہے لیکن کیا کہیں کہ اب خاتون خانہ کا موڈ بھی خراب ہے۔ ہر تھوڑی دیر میں ہوتی طوفانی بارش نے سڑکوں پر گھٹنوں سے اوپر پانی پانی کھڑا کردیا ہے ایسے میں یوم سسرال منانا... ہمارا مطلب ہے عید کے اگلے دن سسرال جانے کا پروگرام کھٹائی میں پڑتا نظر آرہا ہے۔

عید کے اگلے دن سسرال کے نام

پاکستانی رسم و رواج کے مطابق ہر خاندان میں عید کا دوسرا، تیسرا دن خاتونِ خانہ کے میکے اور مرد حضرات کے سسرال میں گزارا جاتا ہے۔ اس دن شوہر حضرات کی ایک نہیں چلتی اور سال بھر ساس نندوں کی خدمت کرتی بیگمات شوہروں کو ان کے سسرال پر حاضری دلوا کر ہی دم لیتی ہیں۔

ڈائپرز ،دودھ کے ڈبے اور گوشت کے تھیلے سے سجی سواری

یقین نہ آئے تو عید کے دوسرے یا تیسرے روز سڑک پر کھڑے ہو کر دیکھ لیں۔ گاڑی تو گاڑی ہر دوسری موٹر سائیکل پر شوہر صاحب منہ بنائے، ایک بچے کو آگے بٹھائے موٹر سائیکل چلاتے ہوئے نظر آئیں گے۔ جبکہ ان کے پیچھے بیٹھی بیگم بھی ایک یا دو بچے ساتھ بٹھا فخریہ مسکراہٹ سجائے بیٹھی ہوں گی۔ موٹر سائیکل پر ہی بچوں کے پیمپر، دودھ کا ڈبہ اور گوشت کا بڑا سا تھیلا یہ بتانے کے لئے کافی ہوگا کہ سواری صاحب خانہ کے سسرال کی جانب رواں دواں ہے۔

سسرال میں بیٹی اور داماد کی خاطر تواضع

اس دن سسرال میں شادی شدہ بہنوں اور بیٹیوں کے لیے دعوت کا اہتمام ہوتا ہے جس میں مختلف کھانے پکائے جاتے ہیں۔ چائے کا تکلف بھی کیا جاتا ہے۔ سسر اور سالے گھر آئے داماد اور بہنوئی کی خاطر تواضع کرتے ہیں۔ یہ دن شادی شدہ خواتین کے لئے مان بھرا ہوتا ہے جسے وہ کسی قیمت پر کھونا نہیں چاہتیں۔ خواتین اس دن اپنی تیاری کا بھرپور خیال رکھتی ہیں تاکہ کہیں ان کی بہنوں اور بھابھیوں کو یہ نہ لگے کہ ان کے شوہر ان کا خیال نہیں رکھتے۔ بچے بھی ماں کو خوش دیکھ کر خوش ہوتے ہیں اور نانی کے گھر میں کزنز کے ساتھ خوب کھیلتے کودتے ہیں۔

بہانہ نہیں یوم سسرال منائیں

ہماری مانیے تو آپ اس دن کو بارش کا بہانہ بنا کر ضائع کرنے کے بجائے بیگم کی خوشی کی خاطر اسی طرح گزاریں جیسے وہ چاہتی ہیں۔ ہمیشہ آپ کی خوشی میں خوش رہنے والی بیگم بھی تو آپ پر کچھ حق رکھتی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US