کراچی: محکمہ موسمیات نے عید کے ایام میں طوفانی بارش کے بعد کراچی اور گرد ونواح میں ایک بار پھر تیز بارش کی پیشگوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کا ایک اور مضبوط سسٹم 14 سے 18 جولائی کے دوران سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے باعث کراچی اور حیدر آباد کے علاوہ ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر، میرپور خاص اور عمرکوٹ کے اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
کراچی کے جنوب اور شمال مشرقی بحیرہ عرب کے اوپر بادل بن رہے ہیں جو کئی علاقوں میں موسلادھار بارش برسا سکتے ہیں جس کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتِ حال ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے پیشِ نظر تمام متعلقہ حکام چوکس رہیں اور ضروری اقدامات کریں کیونکہ بارشوں کا یہ سسٹم کم از کم 18 جولائی تک برقرار رہے گا۔
دوسری جانب صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ کے مطابق عیدالاضحی کے پہلے دن رات سے دوسرے دن دوپہر تک مسلسل 24 گھنٹوں تک بارش ہوئی۔ڈسٹرکٹ کیماڑی میں 231 اعشاریہ 75 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح ڈسٹرکٹ ایسٹ میں 203 اعشاریہ 3 ملی میٹر اور ڈسٹرکٹ ویسٹ میں 53 اعشاریہ 9 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں 132 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ کے مطابق کراچی کے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں 129 اعشاریہ 8 ملی میٹر، ڈسٹرکٹ ملیر میں 98 ملی میٹر جبکہ ڈسٹرکٹ کورنگی میں 191 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبہ سندھ میں 20 جون سے 10 جولائی کے عرصے میں بارش کے دوران مختلف واقعات میں 26 افراد جاں بحاں بحق ہوچکے ہیں۔ اس حوالے سے پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اسی عرصے میں زخمیوں کی تعداد 11 ریکارڈ کی گئی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق سب سے زیادہ ہلاکتیں کراچی میں ہوئیں، کراچی میں بارش کے دوران حادثات میں 14 افراد جاں بحق ہوئے، ان میں سے 6 کا تعلق ضلع شرقی اور 4 کا کورنگی سے تھا۔
علاوہ ازیں پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق ضلع وسطی، ضلع جنوبی، ضلع غربی اور ملیر میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا۔پی ڈی ایم اے کے مطابق سندھ کے ضلع ٹھٹھہ میں 9، خیرپور میں 2 اورسکھر میں ایک شخص بارشوں کے دوران مختلف حادثات کے باعث جاں بحق ہوا۔