اسلام آباد: حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد ملک میں پیٹرولیم قیمتیں کم کرنے کا فیصلہ کرلیا، وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت پیٹرولیم اور خزانہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری طلب کرلی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عوام نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں اضافے پر قربانی دی، اس کا پورا پھل بھی انہیں ہی ملنا چاہئے۔ عوام نے مشکل وقت گزارا ہے، اب پورا ریلیف ملنا بھی اُن کا حق ہے، عالمی منڈی میں جتنی کمی ہوئی ہے، پوری شفافیت کے ساتھ عوام کو اس کی منتقلی یقینی بنائیں، سابق حکومت کی لائی مہنگائی سے ستائے عوام کی حتی المقدور اشک شوئی کرتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل قیمت میں کمی کا رجحان دیکھا جارہا ہے،منگل کو برطانوی خام تیل برینٹ 100 ڈالر فی بیرل سے نیچے آگیا۔
برینٹ کی قیمت 7.62 ڈالر یعنی 7.1 فیصد کمی کے بعد 99.48 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 7.69 ڈالر یعنی 7.3 فیصد کم ہوکر 96.42 ڈالر فی بیرل پر آگئی ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں آئل انڈسٹری کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کمپنیوں کیلئے پیٹرول کی قیمت میں 12 سے 14 روپیہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے، ڈیزل کی قیمت میں 25 سے 30 روپیہ کمی ریکارڈ کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم لیوی نہ بڑھے تو 16 جولائی سے قیمت میں کمی ہوسکتی ہے اور عوام کیلئے پیٹرول 20 سے 30 اور ڈیزل 30 سے 40 روپے سستا ہونےکا امکان ہے۔