بارش کا موسم کئی لوگوں کے لئے اپنی پوری خوبصورتی لے کر آتا ہے اور کئی لوگوں کے لئے زحمت بن جاتا ہے۔ کیونکہ ان کی چھتوں ، دیواروں سے پانی ٹپکنا شروع ہو جاتا ہے۔ یا پھر گھر میں پانی آجاتا ہے۔ ایسے لوگوں کے لئے مون سون کا موسم بارانِ رحمت کی جگہ بارانِ زحمت ہوتا ہے۔ اس کی وجہ گھر کی تعمیر میں استعمال ہونے والا ناقص میٹریل ہوتا ہے جس کی وجہ سے پانی گھر کی چھت سے ٹپکنے لگتا ہے۔ ایسے میں کیا کیا جائے کہ اس مسئلے کو حل کیا جا سکے۔

آپ کی چھت سے بھی اگر پانی ٹپکتا ہے تو آپ تھرماپول کا ایک ٹکڑا لیں، اس پر سادہ چونا لگائیے جوکہ بازار میں آسانی سے مل جاتا ہے اور رنگ والوں کے پاس تولازمی ہوتا ہے۔ چونے کو تھرماپول پر لگا کر وہ سائیڈ جس پر چونا لگایا ہے اس کو چھت کی طرف کیجیئے اور سادے حصے کو نیچے رکھیں اور اس کو اچھی طرح چپکا دیجیئے۔ اس طرح امید ہے کہ پانی نہیں ٹپکے گا ، یا پھرکافی کم ٹپکے گا اور پھر سادی طرف اور تھرماپول کے کناروں پر بھی پلاسٹر آف پیرس لگا دیجئیے یوں پانی کا ٹپکنا کافی حد تک کم ہوجائے گا ۔ لیکن تھرماپول پانی کو ایک مخصوص درجہ حرارت تک جذب بھی کرتا ہے اور خشک بھی کرلیتا ہے، مگر بہت زیادہ نمی کی صورت میں وہ بہہ جاتا ہے، اس لئے یہ طریقہ مستقل تو نہیں البتہ کچھ مدت کے لئے مناسب ہے۔

دوسرا طریقہ یہ ہے کہ مون سون کے موسم سے پہلے ہی اپنی چھت کی یا تو واٹر پروف کیمیکل پروفنگ کروالیں یا پھر چھت میں اگر درزیں بن گئی ہیں تو ان میں سفید سیمنٹ بھردیں۔ سفید سیمنٹ ان درزوں کو بھرکر پانی کا ٹپکنا روک دے گا۔ اس کے علاوہ اپنی چھت پر پانی کی نکاسی کا انتظام رکھیں ، دو تین جگہوں سے نالی نکالیں تاکہ چھت پر پانی جمع نہ ہو اور فوراً باہر گر جائے اس سے بھی کافی بچت ہو سکتی ہے۔