کراچی :شہر قائد میں بلدیاتی انتخابات کے دوران میئر کراچی کے مقابلے کیلئے بھی تیاریاں شروع ہوگئیں، سیاسی جماعتوں کی جانب سے میئر کراچی کیلئے بڑے نام سامنے آنے کا امکان ہے۔
سیاسی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ میئر کراچی کی دوڑ میں جماعت اسلامی کی جانب سے حافظ نعیم الرحمان کو بطور میئر امیدوار نامزد کرنے کی حکمت عملی سامنے آنے پر ایم کیو ایم پاکستان نے فاروق ستار کو میدان میں اتارنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔
عامر لیاقت کی وفات کے بعد این اے 245 کی خالی نشست پر ایم کیو ایم پاکستان تنظیم بحالی کمیٹی کے سربراہ فاروق ستار کی ایم کیو ایم کے امیدوار معید انور کے حق میں دستبرداری کے بعد ایم کیو ایم کی قیادت نے فاروق ستار کو پارٹی کی جانب سے میئر کراچی کا امیدوار نامزد کرنے پر مشاورت کا آغاز کر دیا ہے اور آئندہ چند روز میں فاروق ستار کی پارٹی میں واپسی میں متوقع ہے۔
فاروق ستار 1988سے 1992 تک بطور مئیر کراچی خدمات انجام دے چکے ہیں اورایم کیوایم کے سینئر رہنماؤں کی جانب سے فاروق ستار کو بلدیاتی انتخابات میں گہری دلچسپی لینے پر میئر کراچی کا امیدوار نامزد کرنے کی تجویز دی جا رہی ہے۔
جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کو بھی میئر کراچی کیلئے مضبوط امیدوار کے طور پر دیکھا جارہا ہے، جماعت اسلامی کے سابق ناظم نعمت اللہ خان کے دور میں کراچی میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے اور حافظ نعیم کو کراچی کے مسائل اجاگر کرنے کی وجہ سے قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
پیپلزپارٹی کا دعویٰ ہے کہ کراچی میں اس بار میئر ان کا ہوگا تاہم ایم کیوایم، جماعت اسلامی، تحریک انصاف سمیت دیگر تمام جماعتوں نے بھی بلدیاتی انتخابات کا میدان مارنے کی تیاری کرلی ہے۔