وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قومی پیغام امن کمیٹی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے ملک سے غربت، بے روزگاری اور قرضوں کے خاتمے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا عزم دہرایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ خوارج، ٹی ٹی پی اور ٹی ٹی اے کے گٹھ جوڑ کے ذریعے دہشت گردی کے وسائل فراہم کیے جارہے ہیں، اور یہ ناسور دوبارہ سر اٹھا رہا ہے، جسے پاکستان کی سرحدوں سے اٹھا کر بحر ہند میں ڈبو دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کے دیے گئے وسائل کے لحاظ سے خوشحال بن سکتا ہے اور افواج پاکستان نے معرکہ حق میں دشمن کو ایسا سبق دیا جو رہتی دنیا تک نہیں بھولا جائے گا۔
انہوں نے قومی پیغام امن کمیٹی کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ علمائے کرام اور مختلف مکاتب فکر کے نمائندے امن، محبت اور رواداری کا پیغام عام کریں گے۔
کمیٹی کے ارکان نے بھی دہشت گردی کے خاتمے، قومی یکجہتی اور پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے وزیراعظم اور حکومت کے ساتھ کھڑے رہنے کا عزم ظاہر کیا۔
مختلف برادریوں، ہندو اور مسیحی نمائندوں نے بھی ملک کی حفاظت اور امن کے قیام کے لیے مکمل تعاون کا اعلان کیا۔