عشرت فاطمہ کی پی ٹی وی میں واپسی، عطا تارڑ نے سینئر براڈکاسٹر کو مینٹور بننے پر راضی کر لیا

image

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان کی سینئر براڈکاسٹر عشرت فاطمہ کو دوبارہ پی ٹی وی سے وابستہ ہونے پر آمادہ کر لیا ہے۔ عشرت فاطمہ نے وزیر اطلاعات کی درخواست قبول کرتے ہوئے پاکستان ٹیلی ویژن میں مینٹور کی حیثیت سے خدمات انجام دینے پر رضامندی ظاہر کر دی۔

ریڈیو پاکستان سے عشرت فاطمہ کے استعفے کی اطلاع ملنے پر وفاقی وزیر اطلاعات ان کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں ملاقات کے دوران انہوں نے عشرت فاطمہ کی 45 سالہ شاندار پیشہ ورانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

عطا اللہ تارڑ نے اس موقع پر کہا کہ عشرت فاطمہ نیوز کاسٹنگ اور براڈکاسٹنگ کے شعبے میں ایک نمایاں شناخت رکھتی ہیں اور پاکستان کا بچہ بچہ انہیں جانتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عشرت فاطمہ پاکستان ٹیلی ویژن کی پہچان ہیں اور انہوں نے ہمیشہ غیر جانبدار، ذمہ دار اور اعلیٰ پیشہ ورانہ انداز میں خدمات انجام دیں۔

وفاقی وزیر نے عشرت فاطمہ سے درخواست کی کہ وہ پی ٹی وی میں مینٹور کے طور پر واپس آ کر نئے نیوز کاسٹرز کی تربیت کریں، اردو زبان کے فروغ میں کردار ادا کریں اور مشکل حالات، دباؤ یا قدرتی آفات کے دوران خبر پڑھنے کے مؤثر طریقے سکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ عشرت فاطمہ کی واپسی سے ادارے کو تقویت ملے گی اور نئے آنے والوں کو سیکھنے کے قیمتی مواقع میسر آئیں گے۔

عطا اللہ تارڑ نے واضح کیا کہ عشرت فاطمہ کا کبھی سیاست سے کوئی تعلق نہیں رہا اور انہوں نے اپنی پوری زندگی پیشہ ورانہ اصولوں کے مطابق گزاری ہے۔

اس موقع پر عشرت فاطمہ نے کہا کہ انہیں اپنے پیشے سے بے پناہ محبت ہے اور وہ زندگی کی آخری سانس تک کام کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’جو کچھ ہم نے ٹھوکروں سے سیکھا ہے، اگر وہ کوئی آسانی سے سیکھ لے تو مجھے بہت خوشی ہوگی۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ باصلاحیت افراد کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے ان کی دل شکنی نہیں کرنی چاہیے، کیونکہ آگے بڑھنے کے لیے سہارا اور اعتماد بے حد ضروری ہوتا ہے۔ عشرت فاطمہ نے یقین دلایا کہ وہ پی ٹی وی کے لیے جو کچھ بھی کر سکیں گی ضرور کریں گی۔

واضح رہے کہ عشرت فاطمہ نے حال ہی میں ریڈیو پاکستان سے استعفیٰ دیا تھا، جس کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا تھا۔ ویڈیو میں انہوں نے ریڈیو پاکستان چھوڑنے کی وجوہات بیان کیں، جس پر صحافتی حلقوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں بھرپور حمایت حاصل ہوئی تھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US