پانی کی کمی کا مسئلہ اس وقت پوری دنیا کا ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے۔ اور پانی ایسی شے ہے جس کے بغیر زندگی ممکن نہیں،اس کے بغیر گزارہ نہیں۔ دنیا میں کئی ممالک ایسے ہیں جن کو پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پاکستان ان ممالک کی فہرست میں تو شامل نہیں لیکن پاکستان میں نظام صحیح نہ ہونے کے سبب ہمارے کئی شہر اس مشکل کا سامنا کر رہے ہیں۔ پاکستان میں دریا، سمندر، ڈیم سب کچھ موجود ہے لیکن ان کی تقسیم کا کیونکہ کوئی باقاعدہ نظام نہیں بنایا گیا اس لئے لوگوں کو پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کراچی کو ہی لے لیں، یہاں پانی کی کوئی کمی نہیں ، اور اب تو بارشوں کے بعد ہمارے ڈیم بھی بھر چکے ہیں لیکن یہاں بھی کچھ علاقے ایسے ہیں جہاں کئی کئی دن پانی نہیں آتا ، یا پانی آتا ہی نہیں۔ اور وہاں کے لوگ سرکاری نلکوں پہ لمبی لمبی کئی گھنٹوں کی لائنیں لگا کر پانی حاصل کرتے ہیں، کچھ علاقوں میں جہاں لوگ افورڈ کر سکتے ہیں وہاں ٹینکر ڈلوائے جاتے ہیں۔ ایسے میں ٹینکر مافیا کی چاندی ہو جاتی ہے۔
جب پانی کی یہ صورتحال ہو تو پانی کی قدر بھی معلوم ہو جاتی ہے ، اور پھر پانی کی بچت کے بھی طریقے نکال لئے جاتے ہیں۔ یہاں ہم آپ کو کچھ ایسے آئیڈیے دے رہے ہیں جن سے آپ کا پانی بالکل ضائع نہیں ہوگا۔ تو تصویریں دیکھیے اور طریقے اپنائیے۔
1۔ واش بیسن + فلش ٹینک
جیسے کہ اس تصویر میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ واش بیسن کے ساتھ فلش ٹینک کا کنکشن کیا گیا ہے۔ یعنی آپ منہ ہاتھ دھوئیں تو وہ پانی بھی ضائع نہیں ہوگا وہ پانی آپ کے کموڈ یا ڈبلیوسی کے فلش ٹینک میں جمع ہو جائے گا اور جب آپ باتھ روم استعمال کرنا چاہیں تو آپ کو علیحدہ سے فلش ٹینک بھرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، اور وہی پانی فلش کردیا جائے گا۔
2۔ واشنگ مشین + واٹر ٹینکی
دوسرا آئیڈیا کپڑوں کی دھلائی سے متعلق ہے۔ کپڑے دھونے میں آپ کا پانی بہت ضائع ہوتا ہے، خاص کر مشین سے دھلائی کے لئے کافی پانی چاہیے ہوتا ہے تو آپ اس کے لئے ہماری یہ تصویر دیکھیے کہ کس طرح پانی کی بچت کی جا سکتی ہے۔ اس کے لئے آپ مشین کے پائپ کو پانی کی ایک ٹنکی لے کر اس سے جوڑ سکتے ہیں اور پھر اس کا پانی آپ دوسرے کاموں میں آرام سے استعمال کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اگر آپ کے پاس آٹو میٹک مشین ہے تو اس کے لئے بھی یہ آئیڈیا ہے کہ آپ اس کا سرف والا پانی کسی ٹب، بالٹی یا ٹنکی میں جمع کر لیں اور جب دوبار کپڑے ڈالیں تو اس میں یہ پانی دوبارہ استعمال کر لیں۔ کیوں ! ہے نا اچھا آئیڈیا؟
3۔ ائیر کنڈیشنرکا پانی + پانی کی ٹنکی
ائیر کنڈیشنر جب چلتا ہے تو اس کے ساتھ ایک پائپ جڑا ہوتا ہے جو کہ باہر کی طرف ہوتا ہے اور اس میں سے پانی نکلتا ہے وہ پانی بڑے کام کی چیز ہے۔ اس پانی کو ویسے تو آپ اگر اپنی گاڑی کی بیٹری یا جنریٹر کی بیٹری وغیرہ میں ڈالیں تو وہ بڑا کارآمد ہوتا ہے لیکن اس کے علاوہ بھی اس پانی کو کسی بالٹی یا کسی پانی کی ٹنکی وغیرہ میں جمع کر لیں وہ آپ کے کئی چیزوں میں کام آسکتا ہے، یہاں تصویر میں اے سی کے پائپ کو پانی کی ٹنکی سے جوڑ دیا گیا ہے اور اس ٹنکی میں پائپ لگا کر پودوں وغیرہ میں پانی دینے کے لئے رکھا گیا ہے۔ یہ پانی آپ کہیں بھی استعمال کر سکتے ہیں یہ آپ کی مرضی پر منحصر ہے۔