میری اہلیہ انتقال کر گئی، بچہ بہہ گیا ۔۔ کراچی کے دانش کا گھر اجڑ گیا بتاتے ہوئے رو پڑا، مگر حادثے کا ذمہ دار کون؟

image

بارشیں ہر ایک کے لیے ایک جیسی نہیں ہوتی ہیں، کوئی گھر بیٹھ کر یہ دعا کرتا ہے کہ یا اللہ بارش رک جائے ورنہ پانی میرے گھر میں آجائے گا تو کوئی یہ دعا کرتا ہے کہ یا اللہ میں راستے میں ہوں، گھر تک پہنچا دے۔

ہماری ویب ڈاٹ کام کی اس خبر میں آپ کو ایک ایسی فیملی کے بارے میں بتائیں گے جو بارش کے دوران نالے میں بہہ گئی۔

کراچی میں گزشتہ ہفتے ہونے والی بارشوں میں نالہ بھر جانے سے ایک اور ہستا مسکراتا گھر اجڑ گیا ہے، شادمان ٹاؤن کا رہائشی دانش اپنی اہلیہ، اور دو نوزائدہ بچوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر منزل کی جانب رواں دواں تھے، کیا معلوم تھا کہ اس فیملی کے کچھ افراد آخری منزل کی جانب قریب ہوتے جا رہے ہیں۔

18 جولائی جو کراچی کے علاقے شادمان ٹاؤن کا نالہ جان لیوا ثابت ہوا جب برساتی نالہ اور سڑک پر آنے والے پانی میں یہ معلوم ہی نہ ہو سکا کہ یہ سڑک کہاں ہے اور نالہ کہاں، اسی دوران فیملی اچانک نالے میں گر گئی۔

بہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے دانش کی دو ماہ کی بچی پانی میں بہہ گئی جبکہ اہلیہ سمن جاں بحق ہو گئیں۔ دوسری جانب شہری سمیت ایک بچے کو بچایا جا چکا ہے۔ یوں اس طرح ایک ہی لمحے میں دانش کی زندگی بدل گئی، لیکن اس سب میں اس فیملی کا قصور کیا تھا؟

حافظ نعیم سے گفتگو کرتے ہوئے شہری کا کہنا تھا کہ مہربانی کر کے اس نالے کو بند کرا دیں، نہیں تو کسی اور کا بچہ بھی اسی طرح ڈوبے گا جس طرح آج میرا بچہ ڈوبا ہے۔ شہری امید کے ساتھ حفظ نعیم کی طرف دیکھ رہا تھا، جبکہ اسی آس میں تھا کہ کسی طرح میرا بچہ مجھے صحیح سلامت مل جائے۔

کراچی میں یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے اس سے پہلے بھی کئی گھر اجڑ چکے ہیں، لیکن اس سب میں ہر بار کراچی والوں کو ہی قربانی دینی پڑتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US