اللہ کا نام لیا، آنکھیں بند کی اور گاڑی پانی میں ڈال دی ۔۔ بہادر شخص نے سیلابی ریلے میں پھنسی گاڑی کے مسافروں کی جان بچائی، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

image

ملک بھر میں طوفانی بارشوں سے جہاں ہزاروں چھوٹے گاؤں زیرِ آب آئے وہیں بڑے شہروں میں بھی تباہی کے مناظر واضح ہو رہے ہیں۔ بلوچستان میں انسانیت کی ایک اعلیٰ مثال عطاء الرحمٰن نے دکھائی جو بڑے سیلابی ریلے میں آنکھیں بند کرکے اپنی گاڑی لے کر پہنچ گئے صرف اور صرف اس لیے کہ پانی میں پھنسے لوگوں کی زندگی کا بچا سکیں۔ ملک بھر سے کئی ایسے واقعات سامنے آرہے ہیں لیکن عطاء الرحمٰن کی بہادری نے سب کو رشک کرنے پر مھبور کر دیا ہے کیونکہ لوگوں نے ان کو کہا کہ تم اپنی گاڑی کو لے کر پانی میں مت جاؤ بہاؤ بہت زیادہ ہے آپ بہہ بھی سکتے ہو مگر وہ انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار اپنے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے جا پہنچا۔

23 جولائی کو بلوچستان کے ضلع لورالائی میں کوئٹہ روڈ پر ڈیم کے قریب ایک سیلابی ریلے میں وہاں کئی لوگوں کی طرح ٹھیکیدار محمد اکبر کاکڑ اور ان کے 4 ساتھی بُری طرح پھنس چکے تھے۔ پانی گاڑی کے اندر داخل ہو رہا تھا، سب لوگ خوفزدہ تھے کیونکہ پانی کا بہاؤ اس قدر تھا کہ زندہ بچنے کی امیدیں کم ہوگئی تھیں۔ لیکن اچانک سیلابی ریلے میں ان کی مدد کے لیے ایک کالے رنگ کی بڑی ٹویوٹا فورچونر کار پہنچ جاتی ہے جس میں عطاء الرحمٰن سوار تھے وہ تیزی سے پانی میں پھنسے لوگوں کی زندگی بچانے کو پہنچ گئے اور انہوں نے گاڑی کے شیشے نیچے کر کے لوگوں کو اپنی گاڑی میں منتقل کرکے بچا لیا۔

عطاء الرحمٰن جو اس واقعے میں ہیرو کا کردار ادا کر رہے ہیں وہ خود ایک کاروباری شخصیت بھی ہیں اور فلاحی کاموں میں بھی اپنا حصہ پیش کرتے رہتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ جب میں نے لوگوں کو پھنسے دیکھا تو بس اللہ کا نام لے کر آنکھیں بند کیں اور گاڑی پانی میں ڈال دی سب لوگ مجھے جانے کے لیے منع کر رہے تھے لیکن مجھے ان لوگوں کی جان بچانی تھی اسی لیے میں نے یہ خطرہ مول لیا مگر میری نیت صاف تھی اس لیے مجھ سمیت 5 افراد زندہ بچ کر واپس آگئے۔ میں نے لمحوں میں فیصلہ کیا کہ میرے پاس بڑی، طاقتور انجن کی جدید گاڑی ہے جس میں فور وہیل ڈرائیو کی سہولت بھی ہے تو مجھے ان کی مدد کرنی چاہیے۔ پانی میں چند سیکنڈ چلنے کے بعد میری گاڑی کو جھٹکے لگنا شروع ہوگئے اور مجھے چکر آنے لگے۔ پھنسی ہوئی گاڑی کو دیکھا، اپنی آنکھیں بند کیں، گاڑی کو فور وہیل پر لگایا اور آگے بڑھ گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US