عمران خان کیخلاف مقدمہ درج ۔۔ گرفتاری کی تیاریاں، بنی گالہ پر کیا ہوا؟

image

اسلام آباد:سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف اعلیٰ پولیس افسران اور عدلیہ کو دھمکیاں دینے پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

عمران خان کے خلاف مقدمہ ڈیوٹی مجسٹریٹ علی جاوید کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے اور مقدمے میں سرکاری افسران کو دھمکیاں دینے اور کام سے روکنے کی دفعات شامل ہیں۔

علاوہ ازیں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ خاتون مجسٹریٹ، آئی جی اور ڈی آئی جی پولیس کو دھمکی دینے والوں کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا، عمران خان نے دھمکی دی، ساری دنیا نے لائیو دیکھا، اب قانون کے سامنے آنے کے لئے تیار ہوجائیں، عمران خان کو کار سرکار میں مداخلت اور دھمکیوں پر قانون کو جواب دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی، فرح گوگی کی کرپشن کی بات کرو تو عمران خان کو اسلامی ٹچ یاد آ جاتا ہے۔ قانون پر عمل نہ کیا تو پاکستان جنگل بن جائے گا، بغاوت پر اکسانے والوں کو قانون سے بھاگنے نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ شہدا کی توہین کریں، بغاوت پر اکسائیں اور پھر اسلام آباد میں کھڑے ہو کر ریاستی رٹ کو چیلنج بھی کریں۔ یہ رویہ ملک میں انتہا پسندوں اور دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی کا باعث بن سکتا ہے، کارروائی لازم ہے۔

دریں اثناء چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی سے متعلق مختلف آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ میں ہونے والے اجلاس میں وزارت قانون اور پولیس کے افسران بھی شریک ہوئے اور اجلاس میں عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر عمران خان کی گرفتاری کی خبریں پھیلنے کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد بنی گالہ کے باہر جمع ہو گئی جبکہ رات گئے تحریک انصاف کی قیادت بھی بنی گالہ پہنچ گئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US