سوشل میڈیا پر دلچسپ اور حیرت انگیز خبریں تو بہت ہیں لیکن کچھ ایسی ہوتی ہیں جو کہ سب کی توجہ حاصل کر لیتی ہیں۔
ہماری ویب ڈاٹ کام کی اس خبر میں آپ کو اسی حوالے سے بتائیں گے۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کافی وائرل تھی جس میں ایک نوجوان شارع فیصل پر کارساز کے مقام پر پیٹرول پمپ پر کھڑے ہو کر لوگوں کو مفت پیٹرول فراہم کر رہا تھا، دراصل نوجوان نے پیٹرول پمپ والے کو پیسے دے کر شہریوں کے لیے مفت پیٹرول کی سہولت کھول دی۔
ویڈیو میں موجود نوجوان دانیال ہے جو کہ امریکہ میں بطور اوورسیز رہائش اختیار کیے ہوئے تھے مگر پاکستان کی یاد میں واپس وطن آ گئے۔ پاکستان کے ساتھ نامی سوشل میڈیا پیج سے بات کرتے ہوئے دانیال نے بتایا کہ جب میں واپس امریکہ جانے والا تھا تو ایک جگہ باہر پودوں اور مٹی کو دیکھا تو میں نے فیصلہ کیا کہ کچھ مٹی ساتھ امریکہ لے کر جاؤں گا اور مٹی لینا شروع کر دی، جس پر پولیس اہلکار سمیت کچھ لوگوں نے مجھ سے پوچھا تو میں نے بتایا کہ میں اسے ساتھ امریکہ لے کر جاؤں گا، یہ سن کر ان لوگوں نے مجھے گلے لگا لیا۔ دانیا کہتے ہیں کہ میری خواہش تھی میرے ساتھ پاکستان کا حصہ واپس امریکہ جائے۔
دانیال امریکہ میں رہائش اختیار کیے ہوئے تھا لیکن پاکستان بھی آتا رہتا تھا، تاہم اب وہ ہمیشہ کے لیے وطن واپس آ گیا ہے، لوگ امریکہ جانے کے لیے ترستے ہیں، لیکن وہ محب وطن شہری سب کچھ چھوڑ کر واپس پاکستان آ گیا ہے۔
پیٹرول کی رقم دینے کے سوال پر دانیال نے بتایا کہ میں پیسہ قبر میں تو نہیں لے کر جاؤں گا، یہی انسانیت کی جتنی خدمت کر سکتے ہیں، کریں گے۔
دانیال نے بتایا کہ مہنگائی اس عروج پر آ گئی ہے کہ لوگ میرے پاس آ کر روئے ہیں، مجھے افسوس ہوتا ہے کہ ہماری حکومت اس حوالے سے کچھ کر نہیں رہی ہے، مگر ہمیں اپنی طرف سے تو کرنا ہوگا نا۔ پیٹرول بھرواتے وقت میں یہ نہیں دیکھتا کون ہے، میں بس آخرت کا سوچ کر یہ کام کر رہا ہوں، ہم یہ بھول جاتے ہیں کہ انسان کو ایک دن اللہ کے سامنے کھڑا ہونا ہے۔ بس میں یہی چاہ رہا ہوں کہ یہ میرے لیے دعا کریں اور میری آخرت آسان ہو جائے۔