اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف قطر کے 2 روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد سے دوحہ روانہ، پاکستان اور قطر کے درمیان سرمایہ کاری اور تاریخی معاہدوں کا امکان ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمدالثانی کی دعوت پر قطر کا دورہ کر رہے ہیں، وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیرِ اعظم کا قطر کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔
اس دورہ میں قطر کے ساتھ توانائی، تعاون، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو گہرا کرنے پر بات ہوگی، قطر میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع تلاش کرنے پر بھی توجہ دی جائے گی۔
قبل ازیں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اس دورہ کے حوالے سے کہا تھا کہ امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی دعوت پر آج قطر روانہ ہورہا ہوں، دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کی فضا مزید بہتر ہوگی۔
اپنے ٹویٹر پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم اپنے تاریخی دوطرفہ روابط کو اور بھی زیادہ موثر اسٹرٹیجک تعلقات میں بدلنا چاہتے ہیں، دورہ قطر کے موقع پر کاروباری برادری سے ملاقاتوں میں انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع کے بارے میں آگاہ کروں گا۔
وزیر اعظم کے ساتھ کابینہ کے اہم ارکان اوراعلیٰ سطح وفد بھی جائے گا، دورے میں وزیراعظم قطری قیادت سے تفصیلی مشاورت کریں گے جبکہ باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل وزیراعظم سے پہلے قطر پہنچ چکے ہیں، پاکستان اور قطر کے درمیان سرمایہ کاری اور تاریخی معاہدوں کا امکان ہے۔