کراچی میں بلدیاتی الیکشن نہیں ہونگے ۔۔ اب کس وجہ سے انتخابات ملتوی کر دئیے گئے؟

image

اسلام آباد: سندھ میں شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے حیدر آباد کے 9 اضلاع اور پورے کراچی میں 28اگست کو ہونیوالے بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیئے گئے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں کراچی میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق اہم اجلاس میں کراچی میں موسم کی صورتحال اور بلدیاتی الیکشن کے امور کا جائزہ لیا گیا۔

چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے رپورٹ طلب کیے جانے پر سیکریٹری الیکشن کمیشن نے انہیں رپورٹ پیش کی جس بنا پر کراچی میں بھی 28 اگست کو ہونے بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کردیا گیا ہے۔

اس سے قبل حیدرآباد کے 9 اضلاع میں الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ ہوا تھا جبکہ کراچی کے ضلع ملیر میں الیکشن کے التواء کی اطلاعات تھیں۔ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے واضح اعلان کیا تھا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق کراچی میں 28 اگست کو پولنگ ہوگی۔

یاد رہے کہ سندھ میں بلدیاتی الیکشن کا ایک مرحلہ مکمل ہوچکا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں کراچی، حیدر آباد ودیگر اضلاع میں پولنگ ہونی ہے تاہم کراچی میں گزشتہ ماہ 24 جولائی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات بارشوں کے سبب ملتوی کر دیے گئے تھے اور اب ایک بار پھر بارش اور سیلاب کی وجہ سے بلدیاتی الیکشن ملتوی ہوگئے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US