کیا وزیراعظم کا دورہ کامیاب رہا ۔۔ قطر نے پاکستان میں کتنی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا؟

image

اسلام آباد:وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ کے دوران قطر نے پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا۔

قطر کی سرمایہ کار اتھارٹی نے اعلان کیا کہ اس کا پاکستانی معیشت کے اہم شعبوں میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا منصوبہ ہے۔

اس بات کا اعلان وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر کے درمیان ہونے والی ملاقات کے موقع پرکیا گیا۔ قطرپاکستان میں مختلف شعبوں میں 3ارب ڈالر کی فوری سرمایہ کاری کریگا۔

قطر نے کراچی اور اسلام آباد ائیرپورٹس پر سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، قطر کی سرمایہ کار اتھارٹی کم سے کم وقت میں سرمایہ کاری کو یقینی بنائیگی۔

وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ قطر کے دوران پاکستان اور قطر نے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔

یہ مفاہمت دوحہ میں وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں طے پائی۔دونوں فریقین نے ملاقات کے دوران دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف قطر کے امیر سے ملاقات کے لیے دیوان امیری پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

دیوان میں وزیراعظم شہباز شریف کے استقبال کے لیے ریڈ کارپٹ بچھایا گیا جہاں ان کے اعزاز میں باضابطہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

امیر قطر کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر دوحہ میں موجود وزیر اعظم کو امیری گارڈز نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US