عمران خان کی ضمانت منظور ۔۔ پہلے کتنے کیسز کی ضمانت پر ہیں؟

image

اسلام آباد :انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کر لی، ضمانت ختم ہونے کے بعد گرفتاری کا خدشہ ختم ہوگیا۔

عمران خان کیخلاف خاتون ایڈیشنل سیشن جج کو دھمکی دینے پر انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے مقدمے کی سماعت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی وکلاء کی ٹیم کے ہمراہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

دوران سماعت عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی آر میں شکایت کنندہ مجسٹریٹ ہے، پراسیکیوشن کے مطابق تقریر میں 3 افراد کو دھمکی دی گئی، آئی جی اسلام آباد، ایڈیشنل آئی جی اور خاتون جج کو دھمکی کا کہا گیا ہے۔

بابر اعوان نے کہا کہ ’شرم کرو‘ کے الفاظ کیا دھمکی ہیں؟ زیادتی نہ کرو شرم کرو، یہ الفاظ سوسائٹی میں اکثر استعمال ہوتے ہیں، بابر اعوان نے کہا کہ قتل کرنے کا نہیں، کیس کرنے کا کہا گیا، کہا کہ زیبا آپ بھی تیار ہو جائیں، آپ کے خلاف بھی ایکشن لیں گے، عمران خان نے یہ نہیں کہا کہ جان سے مارنا ہے۔

وکیل بابر اعوان نے کہا کہ خدشہ ہے کہ عمران خان کو گرفتار کر لیا جائے گا، عمران خان اس سے قبل 18-19 کیسز میں ضمانت پر ہیں، عدالت نے عمران خان کی درخواستِ ضمانت پر پولیس اور مدعی کو نوٹس جاری کر دیے۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بابر اعوان کے دلائل سننے کے بعد عمران خان کی 1 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کر کے پولیس کو یکم ستمبر تک اُن کی گرفتاری سے روک دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US