وزیراعظم نے کتنے یونٹ بجلی پر فیول ایڈجسٹمنٹ ختم کردیا؟

image

اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشرہف نے 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

ن لیگ کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے یہ اہم اعلان کیا۔ اس سے قبل 200 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کیلئے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کیے گئے تھے۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی فوج کے خلاف سازش، تقسیم، غداری کی بات پر اگر قانون نوٹس لیتا ہے تو پھرعمران خان کی کمر میں درد شروع ہو جاتی ہے، نواز شریف اور مجھ سمیت کوئی نہیں چاہتا غریب آدمی پر دھیلے کا بھی بوجھ ڈالا جائے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اقتدارسنبھالا تومشکلات کا اندازہ تھا، حکومت سنبھالے چارماہ کا عرصہ گزرچکا ہے،سرمنڈتے ہی اولے پڑے،دنیا میں اس وقت پٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی تھیں، دوسری طرف جانے والوں نے ہمارے لیے گڑھا کھود دیا تھا۔

گزشتہ حکومت نے 20 ہزار ارب کے قرض لیے، گزشتہ حکومت نے عوام کو معاشی تباہی کے دہانے دھکیلا، آئی ایم ایف معاہدہ گزشتہ حکومت نے کیا جس کو انہوں نے پارہ پارہ کر دیا، ہم آئے توآئی ایم ایف کا معاہدہ رک چکا تھا، عالمی ادارے نے کہا معاہدے پرعمل کریں، گزشتہ حکومت میں کرپشن سرفہرست تھی۔

شہباز شریف نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف دور میں چینی 52 روپے کلو تھی، پی ٹی آئی حکومت میں چینی100 روپے سے زائد فروخت ہوئی، چینی پرسبسڈی دینے کا کوئی جوازنہیں تھا، چینی میں سبسڈی کے نام پراربوں روپے ہڑپ کیے گئے،گزشتہ حکومت نے گندم پہلے ایکسپورٹ اور پھر مہنگی گندم امپورٹ کی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان چاہتا تھا پاکستان ڈیفالٹ ہو جائے، عمران خان چاہتا تھا پاکستان سری لنکا بن جائے،آئی ایم ایف کی شرط تھی صوبے وفاق کو سرپلس کے لیے خط لکھیں گے،آئی ایم ایف بورڈ میٹنگ کا وقت قریب آنے پر شوکت ترین نے وزرائے خزانہ کو فون کیے، شوکت ترین کی ٹیپ کے بعد اب کسی کو کوئی شک ہے؟۔

عمران خان کہتا تھا 50 لاکھ گھر بنا کر دوں گا، عمران خان کہتا تھا بجلی کے بلوں کو آگ لگاؤ اور ہنڈی کے ذریعے پیسے منگواؤ، ہم نے سخت فیصلے ضرورکیے ہیں، گزشتہ حکومت میں ہماری پارٹی کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی گئیں،ہم نے توکبھی رونا دھونا نہیں کیا،گزشتہ حکومت مریم نواز، فریال تالپورکے ساتھ ظلم کیا گیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چار ماہ میں پہلے پٹرول کی قیمتیں بہت بڑھی پھر کم کی گئیں، اگر میرے بس میں ہوتا تو کمی کرتا، میں وہی خادم ہوں، یہ کیسے ممکن ہے میں مہنگائی کا بوجھ ڈالتا ہمارے بس میں نہیں، ساری رات سوچ کر 2 روپے 7 پیسے پٹرول کی قیمت میں اضافہ مجبورا کرنا پڑا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US