اگر یہ کہا جائے کہ شہر قائد اب ڈاکوؤں کا گڑھ بن چکا ہے تو غلط نہ ہوگا۔ کوئی بھی شہری ڈاکوؤں سے محفوظ نہیں رہا۔ بینک سے پیسے نکلوانے ہوں یا آپ اپنے گھر کے دروازے پر کھڑے ہوں، ڈاکو دندناتے ہوئے شہریوں سے لوٹ مار کر کے فرار ہوجاتے ہیں جن کی روک تھام کے لیے حکومت کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کیے جا رہے۔
ایک اور ڈکیتی کی واردات کراچی کے علاقے مچھر کالونی کے پیٹرول پمپ پر پیش آئی جہاں دن دیہاڑے موٹر سائیکل پر سوار 3 ملزمان نے جدید اسلحے کے ساتھ لوٹ مار مچائی۔
ڈکیتی کی وائرل ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹرسائیکل سوار 3 ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر کیشیئرز کو یرغمال بنایا اور رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔
شہری اپنی مدد آپ کے تحت ڈاکوؤں کا مقابلہ کرنے پر مجبور ہیں جس کے نتیجے میں ان کی قیمتی جانیں بھی ضائع ہو رہی ہیں۔