سوشل میڈیا پر جہاں عمران خان کے لانگ مارچ کے چرچے ہیں وہیں اب کچھ ایسی دلچسپ ویڈیوز اور تصاویر بھی سامنے آ رہی ہیں جو کہ سب کی دلچسپی کا باعث بن رہی ہیں۔
ہماری ویب ڈاٹ کام کی اس خبر میں آپ کو ایک ایسی ہی دلہن کے بارے میں بتائیں گے۔
ایک ایسی ہی دلہن عمران خان سے ناراض ہے کیونکہ دوشیزہ کی شادی سر پر ہے اور دلہے کا کہنا ہے کہ میں لانگ مارچ پورا کر کے ہی آؤں گا۔
دلہنیا کو میکے چھوڑ کر دلہے میاں خان صاحب کے ساتھ لانگ مارچ کے لیے نکلے ہوئے ہیں، دوشیزہ کا کہنا ہے کہ کارڈز بٹ چکے، شادی ہال بُک ہو چکا ہے، لیکن دلہے میاں لانگ مارچ میں ہیں۔ میں پریشان ہوں کیونکہ بیوٹی پارلر، شادی ہال اور کارڈز وغیرہ سب کچھ آخری مراحل میں ہے۔
لیکن مجھے اکیلا چھوڑ کر دلہے میاں چلے گئے، ٹھیک ہے عمران خان اچھے لیڈر ہیں، لیکن اتنا بھی کیا کہ ان کے لیے ہمارا پلان خراب ہو گیا۔ میرے شوہر کو سوچنا چاہیے ہم لانگ مارچ کے لیے اپنا ایونٹ کیوں خراب کریں۔
ہمیں باہر ملک گھومنے جانا تھا، خوشیاں ساتھ منانی تھیں تاہم اب وہ کہہ رہے ہیں لانگ مارچ ختم ہونے پر ہی آؤں گا۔فیصل آباد کی رہائشی دوشیزہ کا کہنا ہے کہ شادی کریں، جو ایونٹ ہیں ان میں شرکت کریں پھر بھلے لانگ مارچ کریں۔
عمران خان نے جمعے کے دن رکھ کر میرا ایونٹ خراب کر دیا ہے، انہیں لانگ مارچ رکھنے سے پہلے مجھ سے پوچھنا چاہیے تھا، میری شادی کے بعد لانگ مارچ کرنا چاہیے تھا۔
دوسری جانب دلہن کی بہن اس حد تک شادی کو لے کر پُر جوش ہیں کہ ابھی سے میک اپ بھی شروع کر دیا ہے۔ دراصل شادی جمعے کے روز ہونا تھی یعنی 4 اکتوبر کو تاہم لانگ مارچ کے باعث دلہن کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ بہن کا کہنا تھا کہ خان صاحب آپ نے دو تین شادیاں کر لیں جب ہماری باری آتی ہے، تو آپ لانگ مارچ شروع کر دیتے ہیں۔
بہن کا کہنا تھا کہ اگر شادی نہ ہوئی تو ہم کپڑوں کو آگ لگا کر احتجاج کریں گے۔ دلہن نے دھمکی دی کہ اگر شوہر شادی میں نہیں آئے تو میں سارے کپڑوں کو آگ لگادوں گی۔