کرک کے علاقے صابر آباد غنڈی میر خان خیل میں ایک شخص نے گھریلو جھگڑے پر اپنے ہی خاندان کے افراد پر اندھا دھند فائرنگ کر کے خواتین اور کمسن بچوں سمیت 7 افراد کو قتل کر دیا۔
ڈی پی او کرک کے مطابق ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس سے تفتیش جاری ہے۔ کرک پولیس کے مطابق مقتولین میں ملزم کی دو بیٹاں، بہن، دو بھائی اور ان کی دو بیویاں شامل ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر مقامی افراد، پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور تمام لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کرک منتقل کر دیا گیا۔ترجمان ریسکیو 1122کرک کے مطابق مقتولین میں 50 سالہ ظفر اللہ، 48 سالہ خورشید، 40 اور 30 سال کی دو خواتین، ایک 6 سالہ بچی اور 3 ماہ کی شیر خوار بچی شامل ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم جس کی شناخت فاروق عرف فاروقے کے نام سے ہوئی ہے نے گھریلو ناچاقی کی وجہ سے اپنے اہل خانہ پر فائرنگ کی اور کارروائی کے دوران پولیس پر بھی فائرنگ کی۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرک سعود خان کے مطابق ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس سے تفتیش جاری ہے۔