اسلام آباد ہائی کورٹ کے تین ججز نے پیر کے روز مستقل جج کے طور پر اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے جسٹس محمد آصف، جسٹس محمد اعظم خان اور جسٹس انعام امین منہاس سے حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اسلام آباد ہائی کورٹ اور ضلعی عدالتوں کے ججز نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر واجد گیلانی اور سیکریٹری منظور ججہ بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ یہ تینوں ججز گزشتہ ایک سے ڈیڑھ سال کے دوران ایڈہاک ججز کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے، جنہیں اب مستقل طور پر تعینات کیا گیا ہے۔