پارلیمانی وفد کا چین کا تین روزہ دورہ 19 جنوری سے شروع ہوگا

image

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد 19 سے 21 جنوری تک چین کا تین روزہ سرکاری دورہ کرے گا۔ یہ دورہ چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ژاؤ لیجی کی خصوصی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔

قومی اسمبلی کے ترجمان کے مطابق سال 2026 میں چین کا یہ پہلا سرکاری سطح کا پارلیمانی دورہ ہے جو پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ہو رہا ہے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ، مضبوط اور سدا بہار دوستی کی عکاسی کرتا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین نے اس تاریخی موقع کو شایانِ شان انداز میں منانے کے لیے سال بھر مشترکہ تقریبات کے انعقاد پر اتفاق کیا ہے۔

دورے کے دوران سپیکر قومی اسمبلی کی قیادت میں پارلیمانی وفد چینی پارلیمانی اور سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کرے گا جن میں پارلیمانی تعاون کے فروغ اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

پارلیمانی وفد میں وزیرِاعظم کی کوآرڈینیٹر برائے ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی اور کنوینر پاک۔چین فرینڈ شپ گروپ رومینہ خورشید عالم، رکن قومی اسمبلی محمد نعمان، پارلیمانی سیکرٹری زیب جعفر اور رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری شامل ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US