مظفرگڑھ: ایک ماہ میں ایک ہی بستی کے 9 بچوں کی اموات، ڈی سی کا نوٹس

image

مظفرگڑھ کی ایک ہی بستی میں ایک ماہ کے دوران 9 کم عمر بچوں کی اموات اور 11 کی حالت تشویشناک ہونے پر ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ نے نوٹس لے لیا۔ ڈی سی کے احکامات پر محکمہ صحت کی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں پہنچ گئیں۔

محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ مظفرگڑھ کے نواحی موضع دین پور میں پیرجہانیاں کے قریب بستی پل پیر اصحاب میں بیماری نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران 9 کم عمر بچوں کی جانیں لے لیں، جاں بحق بچوں کی عمریں ڈیڑھ سے 6 سال کے درمیان تھیں، اہالیان علاقہ کے مطابق جن بچوں کی ہلاکتیں ہوئیں ان کے منہ پر سوجن ہوئی، تیز بخار ہوا اور ایک سے 2 دن میں ہلاکتیں شروع ہوگئیں۔

جاں بحق 9 بچوں میں 6 سالہ دلشان ولد رفیق، 4 سالہ صغیر ولد صدیق، 3 سالہ انعم دختر ناصر، ڈیڑھ سالہ ریحان ولد ناظم حسین، 6 سالہ زین علی ولد صادق حسین، 4 سالہ ناجد علی ولد افضل حسین، 3 سالہ ساجدہ مائی دختر فیاض حسین، 2 سالہ ثقلین ولد حسنین اور ڈیڑھ سالہ افشاں دختر کاشف حسین شامل ہیں۔

3 بچوں ریحان، زین علی اور ناجد علی کی ہلاکتیں گزشتہ 3 روز کے اندر ہوئیں جس کی وجہ سے معاملے کی سنگینی کا شدت سے احساس ہوا، ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ نے فوری طور پر محکمہ صحت کی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں روانہ کرنے کے احکامات جاری کیے۔

ڈپٹی کمشنر کے احکامات کے بعد ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اسد کی سربراہی میں محکمہ صحت اور ڈی ایچ کیو اسپتال مظفرگڑھ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، محکمہ صحت کی ٹیموں نے نہ صرف جاں بحق بچوں کا ریکارڈ اور ان کی بیماری کے حوالے سے ریکارڈ مرتب کیا بلکہ علاقے میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے شدید بیمار 11 کم عمر بچوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال مظفرگڑھ منتقل کردیا، جبکہ دیگر بیمار بچوں کو مذکورہ بستی میں ہی طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق بستی میں نمونیا وائرل کی وجہ سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں ہیں اور دیگر بیمار بچوں میں بھی نمونیا کی تشخیص ہوئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US