کھانے سے اکثر بال نکل آتا ہے یا پھر مکھی یا مچھر نکلنے کے واقعات پیش آتے ہیں جو سننے میں برے لگتے ہیں مگر کم سے کم ان کی وجہ تو سمجھ آتی ہے۔ البتہ حال ہی میں ایسا واقعہ پیش آیا ہے جو سننے میں بھی عجیب ہے اور اس کی وجہ بھی سمجھ سے بالاتر ہے۔ سب سے حیرت کی بات یہ ہے کہ کھانے میں سے دانت نکلنے کا واقعہ دنیا کی چند بہترین ائرلائن میں سے ایک میں پیش آیا ہے۔
یہ واقعہ پیش آیا ہے غدا الحوث کے ساتھ جو لندن سے دبئی جانے کے لئے برٹش ایئر لائن میں سفر کررہی تھیں کہ ان کے کھانے سے انسانی دانت نکل آیا۔ غدا نے ٹوئٹر کا سہارا لیتے ہوئے فوراً ائرلائن کو مخاطب کیا اور لکھا کہ وہ اپنے ساتھ پیش آنے والے اس واقعے کی وضاحت کا انتظار کررہی ہیں۔
خاتون نے مزید کہا کہ ان کے سارے دانت صحیح سلامت ان کے منہ میں ہیں تو کھانے سے نکلنے والا یہ دانت کم سے کم ان کا تو نہیں ہوسکتا۔
ایئر لائن نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے غدا سے معذرت کی ہے جبکہ ان کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعے کی تفتیش کررہے ہیں کہ یہ کیوں اور کیسے پیش آیا۔