فوج اپنی تنصیبات کے تقدس کی مزید پامالی برداشت نہیں کرے گی: آرمی چیف

image

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے 9 مئی کو توڑ پھوڑ کرنے والے تمام منصوبہ سازوں کو کٹہرے میں لانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ان خیالات کا اظہار سنیچر کو کور ہیڈکوارٹرز پشاور کے دورے کے موقعے پر افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ’9 مئی کے یوم سیاہ پر متشتعل افراد، انہیں اُکسانے والوں اور ان پر عمل کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔‘

آرمی چیف عاصم منیر نے مزید کہا کہ ’فوج اپنی تنصیبات کے تقدس کی مزید پامالی برداشت نہیں کرے گی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ملک میں امن و استحکام کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے، امن عمل کو خراب کرنے والوں کی کوئی گنجائش نہیں۔‘

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’آرمی چیف عاصم منیر نے انفارمیشن وارفیئر اور غلط فہمیاں پھیلانے کی کوششوں کے چیلنجز کے بارے میں آگاہ کیا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’دشمن عناصر کی جانب سے مسلح افواج کو نشانہ بنانے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے، عوام کے تعاون سے ایسی کوششوں کو ناکام بنادیا جائے گا۔‘

آرمی چیف کو ملک کی موجودہ سکیورٹی صورت حال اور انسداد دہشت گردی کی جاری کوششوں بارے بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ وارانہ کارکردگی اور کامیابیوں کو سراہا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US