پی ڈی ایم کا دھرنا، سندھ اور بلوچستان سے قافلے اسلام آباد کے لیے روانہ

image

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے اعلان کے بعد سپریم کورٹ کے سامنے احتجاجی دھرنے میں شرکت کے لیے جمعیت علمائے اسلام کے قافلے سندھ اور بلوچستان سے روانہ ہو گئے ہیں۔

جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد آنے والے تمام قافلوں کو پیر کی صبح نو بجے سپریم کورٹ کے باہر پہنچنے کا کہا ہے۔

اتوار کو اپنی ٹویٹ میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’تمام قافلے پہنچ جائیں تاکہ قومی یکجہتی قائم کی جائے۔ تین رکنی بینچ اور ہائی کورٹ کے ججوں نے ایک مجرم کو تحفظ دیا ہے۔ ہم نے اپنے اداروں کا تحفظ کرنا ہے اور ججز کے بگاڑ کو سیدھا کرنا ہے۔‘

مولانا فضل الرحمان نے وکلا برادری سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنوں سے دھرنے میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ’‏آئین کی بالادستی کی جنگ لڑنی ہے، وکلاء نے ہمیشہ اس مقصد کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ آج ایک بار پھر ضرورت پڑی ہے کہ وکلا بھی میدان میں آئیں۔‘

جے یو آئی کے پشاور سے آنے والے قافلے کی قیادت مولانا عطاء الرحمان، پنجاب سے ڈاکٹر عتیق الرحمان، خیبرپختونخوا سے اکرم درانی، سندھ سے راشد محمود سومرو اور بلوچستان سے مولانا عبدالغفور حیدری اور مولانا عبد الواسع کی قیادت میں کارکن اسلام آباد پہنچیں گے۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو سپریم کورٹ سے رہائی اور پھر اسلام آباد ہائی کورٹ سے نو کیسز میں ضمانت کے خلاف پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی نے 15 مئی کو سپریم کورٹ کے خلاف احتجاج کرنے کا اعلان کیا تھا۔

حکومتی اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیر بخاری نے راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت ملک بھر سے پارٹی عہدیداران کو احتجاج میں شامل ہونے کا کہا تھا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت بھی ممکنہ طور پر سپریم کورٹ کے باہر پی ڈی ایم کے دھرنے میں شریک ہو گی۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US