کوئٹہ: ’معمولی بات پر‘ ہمسایوں میں لڑائی، چار سگے بھائی قتل

image
صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ہمسایوں کے درمیان معمولی بات پر ہونے والے جھگڑے نے چار بھائیوں سمیت پانچ افراد کی جان لے لی۔ تصادم میں 14 افراد زخمی بھی ہوئے۔

پولیس کے مطابق عدم برداشت کی بدترین مثال کا یہ واقعہ اتوار کو کوئٹہ کے علاقے گاہی خان چوک پر پیش آیا جہاں ایک ہی قبیلے سے تعلق رکھنے والے دو ہمسایوں میں گھر کے سامنے تھڑا بنانے پر جھگڑا ہوا۔

ایک ہمسایہ گھر کے سامنے سیمنٹ اور بجری لا کر نالے کے اوپر تھڑا بنا رہا تھا، دوسرے نے منع کیا تو ان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد پہلے ایک دوسرے پر لاٹھیاں برسائی گئیں اور پھر گولیاں چلائی گئیں۔

ایس ایچ او کیچی بیگ عبدالقادر قمبرانی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’اس دوران ایک ہمسائے نے گھر کے اوپر بننے والے مورچے سے کلاشنکوف کے ذریعے دوسرے ہمسائے کے گھر پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں چار جوان بھائی ہلاک اور دو زخمی ہو گئے، جبکہ ان کے والد، والدہ اور دادا سمیت چھ مزید افراد بھی زخمی ہو گئے۔

پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض کے مطابق چاروں سگے بھائیوں کے سر اور جسم کے اوپری حصوں میں گولیاں لگی ہیں۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)

ایس ایچ او کے مطابق فائرنگ دونوں جانب سے ہوئی جس میں مخالف گروہ کا بھی ایک نوجوان مارا گیا اور چھ افراد زخمی ہوئے۔

ایک گروہ کے زخمیوں اور لاشوں کو سول ہسپتال اور دوسرے گروہ کے افراد کو بولان میڈیکل ہسپتال پہنچایا گیا۔

سول ہسپتال کی پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض کے مطابق یہاں چار لاشیں لائی گئیں ہیں جو چاروں سگے بھائیوں کی ہیں۔ انہیں سر اور جسم کے اوپری حصوں میں گولیاں لگی ہیں جن کی وجہ سے ان کی موقع پر ہی موت ہو گئی تھی۔ زخمیوں کو ہسپتال کے ٹراما سینٹر میں داخل کردیا گیا ہے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US