سانحہ 9 مئی میں ملوث افراد کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی شروع کردی:آرمی چیف

image

پاکستان کے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سانحہ نو مئی میں ملوث افراد کے خلاف پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی شروع ہو گئی ہے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سنیچر کو جنرل سید عاصم منیر نے لاہور کا دورہ کیا جہاں انہیں نو مئی کے واقعات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے جناح ہاؤس اور فوجی تنصیب کا بھی دورہ کیا جس پر سیاسی مقاصد رکھنے والے فسادیوں نے حملہ کیا اور توڑ پھوڑ کی۔

آرمی چیف نے لاہور کور کے افسران اور سپاہیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’سانحہ 9 مئی میں ملوث منصوبہ سازوں، اکسانے والوں، حوصلہ افزائی کرنے والوں اور مجرموں کے خلاف پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت آئین پاکستان سے ماخوذ موجودہ اور قائم شدہ قانونی طریقہ کار کے مطابق ٹرائل کا قانونی عمل شروع ہو گیا ہے۔‘

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے زور دیا کہ ’فوج کی طاقت کا محور عوام ہیں اور فوج اور عوام میں دراڑ پیدا کرنے کی کوشش کسی بھی حالت میں نہ تو قابل برداشت ہے اور نہ ہی قابل معافی ہے۔‘

’مخالف اور دشمن قوتیں اور ان کے حمایتی جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے انتشار پھیلانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں لیکن قوم کے تعاون سے دشمن کے ایسے تمام عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔‘

آرمی چیف نے یادگار شہدا کا بھی دورہ کیا اور ملک کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US