آڈیو لیکس کمیشن کے خلاف درخواستوں کی سماعت، اٹارنی جنرل کا بینچ پر اعتراض

image

پاکستان کی سپریم کورٹ نے مبینہ آڈیو لیکس کمیشن کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کا آغاز کیا ہے جبکہ اٹارنی جنرل عثمان منصور نے بینچ کی تشکیل پر اعتراض اُٹھایا ہے۔

جمعے کو چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس شاہد وحید اور جسٹس حسن اظہر رضوی پر مشتمل پانچ رکنی لارجر بینچ نے سماعت کی تو اٹارنی جنرل روسٹرم پر آئے۔ 

اٹارنی جنرل کے بینچ کی تشکیل پر اعتراض کے بعد چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت کیسے سپریم کورٹ کے ججز کو اپنے مقاصد کے لیے منتخب کر سکتی ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ’مجھے معلوم تھا آپ یہ اعتراض اُٹھائیں گے۔ اٹارنی جنرل صاحب، یہ عدلیہ کی آزادی کا معاملہ ہے، بہت ہوگیا ہے اٹارنی جنرل صاحب آپ بیٹھ جائیں۔ ’عدلیہ وفاقی حکومت کے ماتحت نہیں، آئین میں اختیارات کی تقسیم ہے۔‘

آڈیو لیکس کی انکوائری کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن کے خلاف درخواستیں رواں ہفتے دائر کی گئیں تھیں۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری، ریاض حنیف راہی اور مقتدر شبیر نے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔

وفاقی حکومت کی جانب سے بنائے گئے جوڈیشل کمیشن نے پہلا اجلاس پیر کو منعقد کیا تھا۔ جوڈیشل کمیشن کا اگلا اجلاس سنیچر کی صبح دس بجے سپریم کورٹ بلڈنگ میں طلب کیا گیا ہے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US