شہری گھر پر ایک بلب جلا کر گزارا کریں: گورنر خیبرپختونخوا

image

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے گورنرغلام علی نے صوبے کی مالی مشکلات کے حوالے سے کہا ہے کہ ہر شہری کو چاہیے کہ وہ مشکل حالات کو دیکھ کر گھر پر ایک بلب استعمال کرے، اسی طرح گیس بھی کم استعمال کی جائے۔

انہوں نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اس وقت تنخواہیں دینے کے لیے بھی خزانے میں پیسے نہیں ہیں، غیرمعمولی حالات میں بجٹ تیار کیا جا رہا ہے۔ نگران وزیراعلٰی اعظم خان نے سیاسی جماعتوں کا جرگہ بلا کر مالی بحران سے متعلق سب سے مشورہ کیا۔‘ 

’سالانہ ترقیاتی پروگرامز کے فنڈز پر بڑا کٹ لگایا ہے، بمشکل اخراجات پورے کر رہے ہیں۔‘

گورنر غلام علی کا کہنا تھا کہ حکومت کی شاہ خرچیاں کم کر کے ایسے فنڈز پر 40 فیصد کٹوتی کرنی چاہیے جنہیں ہر سرکاری دفتر پر لاگو کرنا ہو گا۔ گورنر ہاؤس کے اخراجات پر کٹ لگنا چاہیے، جو غیرضروری اخراجات ہیں انہیں کم کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ’گورنر ہاؤس میں ایک ہی سالن تیار ہوتا ہے جو میرے سمیت سارے ملازمین کھاتے ہیں۔ جب تک ہم خود مثال قائم نہیں کریں گے عوام ٹیکس نہیں دیں گے۔‘ 

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ ’ہسپتالوں، جامعات اور بہت سے اداروں کو مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ ہم اپنے وسائل دیکھ کر محدود بجٹ بنا رہے ہیں۔ گذشتہ حکومت صوبے کو اس نہج تک لا چکی ہے، غیرضروری منصوبے اور بھرتیاں کر کے خزانے پر بے تحاشا بوجھ ڈالا گیا ہے۔‘

ان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف بھی اپنی طرف سے پوری کوشش کر رہے ہیں کہ صوبے کو مشکل سے نکالا جائے۔

گورنر غلام علی نے کہا کہ اگر ملک کو ان حالات سے نکالنا ہے تو پانچ چھ سال سختی سے گزارنے ہوں گے۔

نگران حکومت کی تجویز خیبرپختونخوا کی نگران حکومت نے تجویز پیش کی ہے کہ اگلے چار ماہ تک سرکاری اسامیوں کی تخلیق پر پابندی ہو گی، جبکہ نئی گاڑیوں سمیت نئے سامان کی خریداری پر بھی پابندی کی تجویز زیرغور ہے۔ نگران حکومت کی جانب سے سرکاری اہلکاروں اور وزرا کے سرکاری خرچ پر علاج کروانے پر بھی پابندی ہو گی۔

واضح رہے کہ صوبے میں مالی بحران کے پیش نظر صحت کارڈ پروگرام پر بھی کٹ لگانے کی تجویز زیرغور ہے۔ 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US