توہین الیکشن کمیشن: عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر پر فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ

image
الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے 11 جولائی کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

منگل کو الیکشن کمیشن کے ممبر نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے فیصل چوہدری پیش ہوئے جس پر نثار درانی نے ان سے دریافت کیا کہ جوابدہ آج بھی نہیں آئے؟

فیصل چوہدری نے انہیں بتایا کہ وہ ان کی غیرحاضری کے لیے درخواست جمع کروا رہے ہیں۔

ممبر نثار درانی نے اس کے بعد مختصر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے اعتراضات کو مسترد کیا جاتا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو توہین الیکشن کمیش کیسز سننے کا اختیار نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اب چارج فریم کیے جائیں گے، جوابدہ ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔

بعدازاں کیس کی سماعت 11 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔

خیال رہے الیکشن کمیشن نے پچھلے برس 19 اگست کو سابق وزیراعظم عمران خان سمیت تحریک انصاف کے رہنماؤں اسد عمر اور فواد چودھری کو ’توہین الیکشن کمیشن‘ کے نوٹسز جاری کیے تھے۔

عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری پر چیف الیکشن کمشنر کے حوالے سے ’نامناسب الفاظ کے استعمال‘ کا الزام ہے (فائل فوٹو)

اس موقع پر ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری نے ’تقاریر میں غیر پارلیمانی زبان استعمال کی اور توہین آمیز بیانات‘ دیے۔

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کو ذاتی حیثیت یا بذریعہ وکیل پیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’عمران خان کو توہین الیکشن کمیشن کا نوٹس چیف الیکشن کمشنر پر الزامات پر بھجوایا گیا، عمران خان نے 12 جولائی کو بھکر میں جلسے کے دوران چیف الیکشن کمشنر کے خلاف توہین آمیز بیان دیا۔‘

نوٹس کے مطابق عمران خان نے بھکر جلسے میں الیکشن کمیشن پر بے بنیاد الزامات لگائے، عمران خان نے 18 جولائی کو بھی عوام سے خطاب میں توہین آمیز تقریر کی اور الزامات لگائے۔

نوٹس کے مطابق عمران خان نے 21 اور 27 جولائی کو بھی چیف الیکشن کمشنر کے خلاف توہین آمیز ریمارکس دیے تھے۔

نوٹس جاری ہونے کے بعد پہلے بھی کیس کی سماعتیں ہو چکی ہیں۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US