راولپنڈی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی اور اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملاوٹی دودھ تیار کرنے والے سب سے بڑے نیٹ ورک کو بے نقاب کردیا۔ کارروائی فیض آباد کے قریب محمدی کالونی میں قائم ایک ملک پروڈکشن یونٹ کے خلاف کی گئی۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران خشک پاوڈر اور ویجیٹبل آئل سے تیار کیا گیا 27 ہزار لیٹر جعلی دودھ موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ یونٹ سے چار جدید مکسنگ مشینیں بھی برآمد کی گئیں جن کے ذریعے دودھ کی ملاوٹ کی جا رہی تھی۔
کارروائی کے دوران 3200 کلو گھی اور 2500 کلو خشک دودھ پاوڈر بھی ضبط کر لیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ ملاوٹی دودھ راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت جڑواں شہروں میں سپلائی کیا جا رہا تھا۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کو طویل ریکی اور خفیہ نگرانی کے بعد گرفتار کیا گیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی سخت کارروائیوں کے باعث ملاوٹ مافیا کا رخ اسلام آباد کی طرف ہو رہا تھا، تاہم مشترکہ حکمت عملی کے تحت انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں ملاوٹی دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے اور ملاوٹ مافیا کا مکمل صفایا کیا جا رہا ہے۔ مشن کلین اپ کے تحت عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔