خیبر پختونخوا میں دوران ڈیوٹی سرکاری ملازمین کے موبائل فون استعمال کرنے پر پابندی

image

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے رات گئے لیڈی ریڈنگ اسپتال کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا، انھوں نے شہریوں کی شکایات سنیں۔ مریضوں اور ان کے لواحقین نے علاج میں تاخیر، بدانتظامی اور عملے کی غفلت کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

شہریوں نے وزیراعلی کو بتایا کہ مریض گھنٹوں انتظار پر مجبور رہتے ہیں جبکہ بعض ڈاکٹرز اور عملہ دورانِ ڈیوٹی موبائل فون استعمال کرنے میں مصروف رہتے ہیں، جس سے مریضوں کا علاج متاثر ہو رہا ہے۔

مذکورہ شکایات پر وزیراعلیٰ نے فوری نوٹس لیا۔ سہیل آفریدی نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اب اسپتال انتظامیہ، سرکاری اسکولوں کے اساتذہ اور تمام سرکاری ملازمین دورانِ ڈیوٹی موبائل فون استعمال نہیں کریں گے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کوئی ڈاکٹر یا عملہ ڈیوٹی کے دوران موبائل فون استعمال کرتا نظر آئے تو اس کی ویڈیو بنا کر بھیجیں، شکایت سیل کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ فوری کارروائی ممکن ہو۔

وزیراعلیٰ نے اسپتال انتظامیہ کو مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کی سخت ہدایات بھی جاری کیں اور کہا کہ عوامی خدمت میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US