وزیراعظم شہباز شریف کی آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات، قرض پروگرام پر تبادلہ خیال

image

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی بین الاقوامی مالیاتی ادارے کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے پیرس میں ملاقات ہوئی ہے جس میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تعاون اور قرض پروگرام پر تبادلہ خیال ہوا۔

جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورتحال پر بات چیت ہوئی اور حکومت پاکستان کی جانب سے معاشی ترقی اور استحکام کی غرض سے لیے گئے اقدامات پر وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر کو آگاہ کیا۔

’وزیراعظم نے زور دیا کہ آئی ایم ایف کے نویں جائزے سے قبل لیے گئے اقدامات مکمل ہو گئے ہیں اور پاکستان بین الاقوامی ادارے کے ساتھ ہونے والے وعدوں پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے۔‘

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے امید کا اظہار کیا کہ آئی ایم ایف ایکسٹینڈڈ کریڈٹ فیسیلیٹی کے تحت جلد از جلد قرض کی قسط جاری گا۔

’وزیراعظم نے کہا کہ قرض کی قسط جاری ہونے سے پاکستان کی معاشی استحکام کے لیے جاری کوششوں کو تقویت ملے گی اور لوگوں کو ریلیف ملے گا۔‘

ملاقات کے دوران آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے بین الاقوامی ادارے کے جائزہ لینے کے عمل پر اپنے ادارے کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔

خیال رہے کہ تمام تر کوششوں، سفارتی چینلز اور اثر و رسوخ کے استعمال کے باوجود آئی ایم ایف پاکستان کے ساتھ کیے گئے معاہدے کے تحت قرضے کی قسط جاری نہیں کر رہا۔

ایک حالیہ بیان میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ ’آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ پاکستان سری لنکا کی طرح ڈیفالٹ کرے اور اس کے بعد وہ ہم سے قرضے کے لیے مذاکرات کریں تاکہ اپنی مرضی کی شرائط منوا سکیں۔‘


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US