محکمہ موسمیات کی جانب سے اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں آئندہ ہفتے مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں آج موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ دوپہر تک گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ بالائی پنجاب اور وسطی پنجاب، اسلام آباد، خطۂ پوٹھوہار، خیبر پختونخوا، شمالی اور مشرقی بلوچستان اور کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
سندھ کی بات کی جائے تو محکمہ موسمیات نے صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ دوپہر کے بعد گرد آلود ہوائیں چلنے کے بعد کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں بوندا باندی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، کرم، بنوں، ڈی آئی خان، لکی مروت اورکوہاٹ میں آ ندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
دوسری طرف پنجاب کے مختلف شہروں اٹک، چکوال، جہلم، راولپنڈی، میانوالی، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاؤ الدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، مری، گلیات اور گر دونواح میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔