پاک فضائیہ کا دستہ ایف-16 بلاک-52 جنگی طیاروں، فضائی و زمینی عملے کے ہمراہ سعودی عرب کے کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پہنچ گیا ہے، جہاں وہ ملٹی نیشنل فضائی جنگی مشق سپیئرز آف وکٹری-2026 میں شرکت کرے گا۔
اس مشق میں سعودی عرب کے علاوہ پاکستان، فرانس، اٹلی، یونان، قطر، بحرین، اردن، برطانیہ اور امریکا کی فضائی افواج حصہ لے رہی ہیں۔ مشق کا مقصد شریک ممالک کی فضائی افواج کے درمیان باہمی ہم آہنگی، عملی اشتراک، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔
سپیئرز آف وکٹری-2026 کے دوران بڑی فضائی قوت کی تعیناتی، رات کے اوقات میں فضائی آپریشنز، مربوط انٹیلی جنس، سرویلنس اور ریکی (ISR) اور جدید الیکٹرانک وارفیئر ماحول میں کارروائیوں کی مشق کی جائے گی۔
اس بین الاقوامی مشق میں شرکت کے ذریعے پاک فضائیہ نہ صرف دوست ممالک کی فضائی افواج کے ساتھ تعاون کو فروغ دے گی بلکہ جدید اور ٹیکنالوجی سے بھرپور جنگی ماحول میں اپنی عملی تیاری کا بھی جائزہ لے گی۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں نے پاکستان سے سعودی عرب تک مسلسل پرواز کی، جو پی اے ایف کی طویل فاصلے تک آپریشنل رسائی اور جنگی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔
مشق کے دوران جدید ایویونکس اور بی وی آر صلاحیتوں سے لیس ایف-16 بلاک-52 طیارے اڑانے والے پاک فضائیہ کے پائلٹس، دیگر ممالک کے جدید جنگی طیارے آپریٹ کرنے والے ہوابازوں کے ساتھ مشترکہ فضائی مشقوں میں حصہ لیں گے۔
سپیئرز آف وکٹری-2026 میں پاک فضائیہ کی شرکت علاقائی اور عالمی سطح پر عسکری تعاون کے لیے اس کے پختہ عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور عالمی معیار کی فضائی افواج کے شانہ بشانہ مؤثر انداز میں کام کرنے کی صلاحیت کی عکاس ہے۔