سویڈین میں قرآن کی بے حرمتی کے واقعے کے خلاف پاکستان کی پارلیمنٹ میں مذمتی قراددار منظور کر لی گئی ہے۔
یہ قراراد جمعرات کو سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کے معاملے پر بحث کے لیے بلائے گئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مسلم لیگ نواز کے رکن مرتضیٰ جاوید عباسی نے پیش کی،قرارداد کی منظوری سے قبل پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی تقریر میں مطالبہ کیا کہ سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل فوری ہنگامی اجلاس بلائیں۔شہباز شریف نے کہا کہ ’سویڈن کی حکومت کو اپنی پوزیشن واضح کرنا ہو گی اور جواب دینا ہو گا۔‘انہوں نے کہا کہ ’جان بوجھ کر مسلمانوں کے خلاف آگ بھڑکانے کی کوشش کی گئی۔ سویڈن میں قرآن کی توہین پر دنیا بھر میں اربوں مسلمانوں کے دل دُکھی ہیں۔‘شہباز شریف نے مزید کہا کہ ’سویڈن واقعہ مسلمانوں اور مسیحیوں کو لڑانے کی سازش ہے۔ تمام سیاسی جماعتیں اس واقعے کے خلاف بھرپور احتجاج کریں۔‘’میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے توہین آمیز واقعے کے خلاف اجلاس بلانے کے لیے رابطہ کررہا ہوں۔ اقوام متحدہ سے اپیل کروں گا کہ وہ اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی قانون منظور کرے۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ایوان جو قرارداد منظور کرے گا، ہم وزارت خارجہ کے ذریعے اسے دنیا میں لے کر جائیں گے۔ امید ہے آج کی قرارداد کے بعد ایسی مذموم حرکتیں ہونا بند ہوں گی۔‘