کوئٹہ میں وکیل قتل کیس، ’عمران خان خود سپریم کورٹ میں پیش ہوں‘

image
سپریم کورٹ نے کوئٹہ میں وکیل کے قتل کے مقدمے سے نام کے اخراج کے لیے دائر درخواست پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے۔

 جمعرات کو جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کے سامنے عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل دیے۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ چئیرمین پی ٹی آئی کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ ’وکیل کے قتل کیس میں بنائی گئی جے آئی ٹی کو ہم تسلیم نہیں کرتے۔‘ شکایت کنندہ کے وکیل امان اللہ کنرانی نے عدالت کو بتایا کہ اس وقت معاملہ ہی مقدمے میں نامزد درخواست گزار کا جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کا ہے۔

وکیل لطیف کھوسہ نے بتایا کہ ’مقتول کی بیوہ نے کہا ہے کہ چئیرمین پی ٹی آئی کا ان کے شوہر کے قتل سے کوئی تعلق نہیں، عبدالرزاق شر کے سوتیلے بیٹے نے چئیرمین پی ٹی آئی کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے۔‘

وکیل امان اللہ کنرانی نے بتایا کہ مقتول وکیل عبدالرزاق شر کا بیٹا اس کیس میں مدعی ہے بیوہ مدعی نہیں۔

جسٹس مسرت ہلالی نے سوال کیا کہ کیا اب بھی شکایت کنندہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ملزم ٹھہراتے ہیں؟ کیا عبدالرزاق شر کے سوتیلے بیٹے کی شکایت پر کوئی انکوائری ہوئی؟

جسٹس مظاہر نقوی نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف مقدمہ ختم کرنے کی درخواست میں ایف آئی آر کی کاپی موجود ہی نہیں۔ ’آپ کی درخواست میں درج ہونا چاہیے کہ چئیرمین پی ٹی آئی کے خلاف مقدمہ بے بنیاد ہے۔‘

جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کہا کہ تفتیشی کا موقف ہے کہ چئیرمین پی ٹی آئی تفتیش میں تعاون ہی نہیں کر رہے۔ درخواست گزار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کس نے اور کیسے نکالے ہیں؟

بلوچستان حکومت کے وکیل نے بتایا کہ اُن کی اطلاع کے مطابق چئیرمین پی ٹی آئی کے خلاف ایسے کوئی وارنٹ نہیں۔

جسٹس مظاہر نقوی نے عمران خان کے وکیل سے کہا کہ وہ کیس کو سنجیدگی سے لیں۔ ’ضمانت اور ایف آئی آر ختم کرانے کے لیے درخواست گزار کو خود آنا پڑتا ہے۔‘

مقتول وکیل نے عمران خان کے خلاف مقدمہ چلانے کے لیے بلوچستان ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ فائل فوٹو: سکرین گریب

جسٹس یحیی آفریدی نے کہا کہ اس سوال کا جواب دیں کہ ایف آئی آر ختم کرانے کے لیے چئیرمین پی ٹی آئی نے متعلقہ فورم سے رجوع کیوں نہیں کیا؟

وکیل نے بتایا کہ بلوچستان ہائیکورٹ سے ہو کر ہی سپریم کورٹ آئے ہیں اور یہی متعلقہ فورم ہے۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ ’درخواست گزار کو سب سے پہلے عدالت میں پیش ہونا پڑے گا، یہ ذرا مناسب طریقہ کار ہو گا۔‘

وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ اگر عدالت بلاتی ہے تو وہ ابھی درخواست گزار کو پیش کرا سکتے ہیں۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ درخواست گزار عمران خان پیر کو عدالت میں پیش ہوں۔ ’بہتر ہوگا پہلے حکومتی وکیل کا اس کیس میں جواب آجائے پھر چیئرمین پی ٹی آئی پیش ہوں۔‘

کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی گئی۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US