صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ بازار کے پولیس سٹیشن کے باہر دھماکے ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک جبکہ 7 زخمی ہیں۔ خیبر پولیس کے ترجمان کے مطابق جمعرات کو پولیس سٹیشن کے گیٹ پر دو دھماکے ہوئے جس کے بعد فائرنگ بھی ہوئی۔پولیس نے عمارت کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ زخمیوں کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔خیال رہے کہ دو دن قبل منگل کو پشاور میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کی گاڑی کے قریب خودکش دھماکہ ہوا تھا جس میں آٹھ افراد زخمی ہوئے تھے۔یہ دھماکہ حیات آباد فیز 6 میں ہوا تھا۔ایس پی کینٹ وقاص رفیق نے ایف سی کی گاڑی پر ہونے والے دھماکے کو خودکش قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’خودکش حملہ آور نے گاڑی کو نشانہ بنایا اور گاڑی سے ٹکرانے کے بعد خود کو دھماکے سے اُڑا دیا۔‘انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’ایف سی کی گاڑی فیز 6 میں واقع ایف سی ہیڈ کوارٹرز سے جا رہی تھی کہ اسے نشانہ بنایا گیا۔‘