بینک نے اپنے صارفین کو خبردار کیا کہ جس کسی نے بھی اس تکنیکی خرابی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے اکاؤنٹ سے پیسے نکلوائے ہیں اس رقم کی ان کے اکاؤنٹ سے کٹوتی کی جائے گی۔

کیا کبھی ایسا ہوا ہے کہ آپ کے بینک اکاؤنٹ میں رقم نہ ہو لیکن پھر بھی آپ اے ٹی ایم سے جا کر اپنی مطلوبہ رقم نکال سکیں۔ یقیناً آپ کا جواب ہو گا نہیں یہ کیسے ممکن ہے۔
مگر ایسا ہی کچھ منگل کو آئرلینڈ میں ہوا ہے جہاں صارفین اپنے بینک میں موجود رقم سے زیادہ پیسے اے ٹی ایم سے نکالنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
ہوا کچھ یوں کہ آئرلینڈ کے مرکزی بینک ’بینک آف آئر لینڈ‘ کے نظام میں کچھ گھنٹوں کے لیے تکنیکی خرابی پیدا ہوئی جس کے باعث بینک صارفین اپنے اکاؤنٹ میں رقم نہ ہونے کے باجود اے ٹی ایم سے پیسے نکالنے میں کامیاب ہو گئے۔
اس حوالے سے آئرلینڈ کے سوشل میڈیا پر متعدد ویڈیو اور تصاویر وائرل ہوئی ہیں جن میں لوگوں کی بڑی تعداد کو اے ٹی ایمز کے باہر طویل قطاروں میں کھڑے دیکھا جا سکتا ہے۔
بینک آف آئرلینڈ کا کہنا ہے کہ اسے منگل کے روز نظام میں تکنیکی خرابی کا سامنا تھا جسے بدھ کی صبح تک ٹھیک کر لیا گیا۔
بینک نے اپنے صارفین کو خبردار کیا کہ جس کسی نے بھی اس تکنیکی خرابی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے اکاؤنٹ سے پیسے نکلوائے ہیں اس رقم کی ان کے اکاؤنٹ سے کٹوتی کی جائے گی۔
بینک کا مزید کہنا تھا کہ صارفین کی جانب سے منگل کی رات کو نکالی گئی رقوم بدھ کو ان کے اکاؤنٹ میں ظاہر ہو جائے گی۔
بینک کے ترجمان نے بدھ کی صبح کہا کہ بینک کی آن لائن ایپ اور بینک کی تمام آن لائن سروسز دوبارہ سے کام کر رہی ہیں۔
https://twitter.com/talktoBOI/status/1691571531380342972
بینک ترجمان کا کہنا ہے کہ ’ہم اس بارے میں جانتے ہیں کہ تکنیکی خرابی کے باعث کچھ صارفین اپنے اکاؤنٹ میں موجود رقم سے زیادہ نکالنے یا ٹرانسفر کرنے میں کامیاب ہوئے۔ یہ رقوم یا ٹرانسفرز آج ان کے اکاؤنٹ سٹیٹمنٹ میں ظاہر ہو جائیں گی۔‘
بینک نے اس تکینکی خرابی پر معذرت بھی کی ہے۔
منگل کو آئرش پولیس نے کہا کہ انھیں کچھ اے ٹی ایمز کے باہر ’غیر معمولی سرگرمیوں‘ اور ’فنانشل اداروں سے متعلقہ کچھ خرابی‘ کے بارے میں علم ہے۔
سوشل میڈیا پر آنے والی رپورٹس میں بتایا گیا کہ کچھ صارفین اپنے بینک آف آئرلینڈ کے اکاؤنٹس سے زیادہ رقم دوسرے بیرونی اکاؤنٹس میں منتقل کرنے اور پھر نقد رقم نکالنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔