’تشدد ناقابل قبول‘، پاکستان گرجا گھروں پر حملوں کی تحقیقات کرائے: امریکہ

image

امریکہ نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ جڑانوالہ میں گرجا گھروں اور مسیحیوں کے گھروں پر ہجوم کے حملوں کی تحقیقات کرائے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں چرچز اور مسیحی افراد کے گھروں پر حملوں پر شدید تشویش ہے، جن کو مبینہ طور پر قرآن کی بے حرمتی کی افواہ کے بعد نشانہ بنایا گیا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’امریکہ آزادی اظہار رائے کی حمایت کرتا ہے۔ تشدد یا تشدد کی دھمکی کو کبھی بھی اظہار کے کسی ذریعے کے طور پر قبول نہیں کیا جا سکتا۔‘

’ہم پاکستانی حکام پر زور دیتے ہیں کہ وہ الزامات کی مکمل تحقیقات کرائیں اور پرامن رہنے کی ہدایت کریں۔‘

مسلمان اکثریت رکھنے والے ممالک جیسے پاکستان میں توہین مذہب ایک حساس معاملہ ہے جہاں مذہب اور مذہبی شخصیات کی توہین پر موت کی سزا ہو سکتی ہے۔

آبادی کے لحاظ سے دنیا کے پانچویں بڑے ملک پاکستان میں توہین مذہب کا تازہ واقعہ بدھ کو سامنے آیا جس سے دو روز قبل ہی پیر کو ملک کے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے حلف اٹھایا تھا۔

جڑانوالہ میں بدھ کو مشتعل ہجوم نے گرجا گھروں پر حملے کیے تھے (فوٹو: اے ایف پی)امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے بدھ کو نئے نگراں وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی تھی۔

ٹوئٹر پر اپنی پوسٹ میں انٹونی بلنکن نے کہا ’جیسا کہ پاکستان آزادانہ اور شفاف انتخابات کی تیاری کر رہا ہے اس کے لیے نگراں حکومت کا ساتھ دینے کو تیار ہیں۔‘

خیال رہے بدھ کو جڑانوالہ میں پیش آنے والے واقعے کے بعد پنجاب حکومت نے اعلٰی سطح کی انکوائری کرانے کا حکم دیا تھا۔

ترجمان پنجاب حکومت نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ ’جان بوجھ کر پاکستان کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔‘

’واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزموں کی گرفتاری کا حکم دے دیا گیا ہے، کئی عمارتوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کو بروقت ناکام بنا دیا گیا۔‘

جڑانوالہ واقعے کا پس منظر

پاکستان کے ضلع فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں  پولیس کے مطابق مبینہ طور پر توہینِ مذہب کے معاملے پر حالات کشیدہ ہیں۔

پولیس کی بھاری نفری شہر کے کشیدہ علاقوں میں گشت کر رہی ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ کو تبدیل کر دیا ہے جبکہ نئے اسسٹنٹ کمشنر نے پنجاب حکومت کو رینجرز کی تعیناتی کے لیے خط لکھا ہے۔

دوسری طرف پولیس نے دو مسیحی بھائیوں کے خلاف توہین مذہب کی ایف آئی آر بھی درج کر لی ہے۔

ویدانت پٹیل کا کہنا تھا کہ امریکہ کو واقعے پر شدید تشویش ہے (فوٹو: اے پی)مقامی افراد کے مطابق ’جڑانوالہ میں منگل کی رات سے ہی حالات کشیدہ ہیں۔ کئی مسیحی خاندان رات گئے ہی علاقہ چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔‘

’بدھ کی صبح لوگوں نے مسیحی  بستی میں ایک چرچ کو آگ لگا دی جبکہ ایک میں توڑ پھوڑ کی گئی ہے۔‘

علاقے سے موصول ہونے والی ویڈیو فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کئی گھروں سے سامان گلی میں رکھ کر اسے بھی جلایا جا رہا ہے۔

ترجمان فیصل آباد پولیس کے مطابق ’پولیس کی کوشش ہے کہ علاقے میں امن و عامہ کی صورت حالت ٹھیک رہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ مشتعل افراد نے چند مسیحی گھروں اور عبادت گاہوں کو نقصان پہنچایا ہے۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ ’قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں اور اقلیتوں کو نشانہ بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US