راولپنڈی میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیو کمپین کی موجودہ صورتحال پر پریس کانفرنس کی۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ وہ خود پنجاب میں پولیو مانیٹرنگ کر رہی ہیں اور صوبے کے بارڈر پر سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ پولیو کے قطرے پنجاب میں داخلے کے وقت لازمی پلائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب دو سے تین سال پہلے پولیو فری تھا، مگر اٹک اور کے پی کے سے آنے والے افراد کے بعد کچھ کیسز سامنے آئے۔ افغانستان میں ہماری طرح پولیو کمپین نہیں چلائی جاتی، اس لیے وائرس بہت خطرناک ہے اور یہ پاخانے اور سیوریج کے ذریعے پھیلتا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے خوشخبری دی کہ پنجاب میں اب تک صرف ایک فزیکل کیس رپورٹ ہوا ہے۔ پاکستان میں 2024 میں پولیو کے 74 کیسز رپورٹ ہوئے تھے، جو 2025 میں 25 کیسز تک کم ہوگئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں پولیو ٹیمز کو بہترین سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ راولپنڈی میں پولیو کا ہدف ساڑھے نو لاکھ افراد تھا، جسے کامیابی سے کور کیا گیا ہے۔ چار ہزار ٹیمز نے دو سو یونین کونسلز میں ویکسینیشن مہم مکمل کی۔
وزیر اعلیٰ نے سوشل میڈیا پر فیک نیوز پھیلانے والے عناصر کو بھی خبردار کیا، انھوں نے امید ظاہر کی کہ 2026 تک پنجاب پولیو فری ہوگا۔