آن لائن گیمنگ میں ڈیڑھ کروڑ روپے کی انعامی رقم جیتنے والے پولیس سب انسپیکٹر مشکل میں کیسے پڑے؟

ایک انڈین پولیس اہلکار کے فینٹسی سپورٹس پلیٹ فارم پر ڈیڑھ کروڑ روپے کی انعامی رقم جیتنے کے بعد ہونے والی تنقید کے پیش نظر انھیں ملازمت سے معطل کر دیا گیا ہے۔

ایک انڈین پولیس اہلکار کے فینٹسی سپورٹس پلیٹ فارم پر ڈیڑھ کروڑ روپے کی انعامی رقم جیتنے کے بعد ہونے والی تنقید کے پیش نظر انھیں ملازمت سے معطل کر دیا گیا ہے۔

ریاست مہاراشٹر کے ضلع پونے میں تعینات پولیس سب انسپکٹر سومناتھ زینڈے نے یہ بڑی رقم ’ڈریم 11‘ نامی فینسی ایپ پر گیم کھیلتے ہوئے جیتی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سب انسپیکٹر کومحکمہ پولیس کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر معطل کیا گیا ہے تاہم سومناتھ زینڈے ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔ معطلی کے بعد انھیں اب محکمانہ انکوائری کا سامنا بھی ہے۔

محکمہ پولیس کے مطابق انھوں نے بغیر اجازت یہ فینسی گیم کھیلی جبکہ رقم جیتنے کے بعد انھوں نے وردی میں میڈیا کو اس بابت انٹرویو بھی دیا۔

تاہم معطل ہونے والے پولیس سب انسپیکٹر کا کہنا ہے کہ اُن کے ساتھ محکمے کی جانب سے ’غیر منصفانہ‘ سلوک کیا جا رہا ہے۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ انھوں نے گذشتہ ماہ ’ڈریم 11‘ نامی ایپ پر گیم کھیلنا شروع کی تھی۔اور دس اکتوبر کو 1.5 ملین روپے کی انعامی رقم جیتنے میں کامیاب ہوئے۔

’ڈریم 11‘ نامی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ انڈین سپریم کورٹ کے 2021 میں اس نوعیت کے ایپس اور ویب سائٹس سے متعلق دیے گئے ایک فیصلے کی روشنی میں اُن کا پلیٹ فارم ملک میں رائج جوا کھیلنے کے قوانین سے مستثنیٰ ہے۔

انڈیا میں جوا کھیلنا غیر قانونی ہے لیکن گیمنگ انڈسٹری میں کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ گیم دراصل ’آن لائن مہارت پر مبنی گیمنگ‘ سے مختلف ہے، جہاں مہارت کا عنصر موقع کے عنصر سے زیادہ ہوتا ہے۔

تصویر
BBC

مشہور کرکٹر ایم ایس دھونی اس ایپ میں بطور سفیر کام کرتے ہیں اور اس نے اپنے تشہیری مواد میں عامر خان جیسے بالی ووڈ اداکاروں کو شامل کر رکھا ہے۔

یہ 18 سال سے زیادہ عمر کے شائقین کو کرکٹ، ہاکی، فٹ بال اور باسکٹ بال جیسے کھیل آن لائن کھیلنے دیتا ہے۔ صارفین حقیقی زندگی کے کھلاڑیوں کے ناموں کا استعمال کرتے ہوئے ورچوئل ٹیمیں بناتے ہیں اور اس کے بعد وہ اصل میچوں میں ان کھلاڑیوں کی کارکردگی کی بنیاد پر پوائنٹس حاصل کرتے ہیں۔

معطل ہونے والے سب انسپیکٹر انڈیا میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش اور انگلینڈ کے درمیان میچ کے دوران گیم کھیلتے ہوئے جیتے تھے۔

ان کی جیت کے بعد، رپورٹس کے مطابق، انھوں نے پولیس کی وردی میں میڈیا کو انٹرویو بھی دیا۔

حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک کارکن، امولڈ تھوراٹ نے یہ انٹرویو سامنے آنے کے بعد ریاست کے وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ کو خط لکھا اور ان سے مطالبہ کیا کہ پولیس افسر کی جانب سے ’بیٹنگ‘ یعنی جوئے میں ملوث ہونے پر ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ ڈیوٹی کے دوران اس ایپ پر کھیلنے میں مصروف ہو کر وہ ’ڈیوٹی سے غفلت‘ کے مرتکب بھی ٹھہرے ہیں۔

انھوں نے اپنی شکایت میں کہا کہ پولیس کی وردی میں زینڈے کی تصاویر آن لائن وائرل ہوئی تھیں اور ان کے اس اقدام سے’ریاست کی پولیس فورس کے بارے میں عوام میں غلط پیغام گیا۔‘

تاہم مسٹر زینڈے نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ ڈیوٹی کے دوران گیم نہیں کھیلتے تھے۔ انھوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ فورس میں وہ کوئی واحد اہلکار نہیں ہیں جو یہ گیم کھیلتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ’بہت سے لوگ یہ کھیل کھیلتے ہیں۔ یہ ایک کھیل ہے۔ وہ گھنٹوں کھیلتے ہیں۔ یہ جوئے کا کھیل نہیں ہے لیکن پھر بھی مجھے سزا دی جا رہی ہے۔‘

مسٹر زینڈے نے کہا کہ وہ انعامی رقم کا استعمال ہاؤسنگ لون کی ادائیگی اور اپنے بچوں کے نام پر فکسڈ ڈیپازٹ اکاؤنٹس کی مد میں کریں گے۔

ایک سیینئر پولیس اہلکار نے کہا کہ محکمہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پیش کرنے کے بعد مستقبل کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US